#محاسبہ

نواز گرلس پبلک اسکول میں شاندار ایگزی بیشن کااہتمام

دیوبند:معروف عصری تعلیمی ادارہ نواز گرلس پبلک اسکول میں ’’آرٹ اینڈ سائنس فیسٹیول‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار اور تاریخی ایگزی بیشن کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا افتتاح ماہرِ تعلیم اور معروف اسکالر پروفیسر ایچ ایس سنگھ ، وائس چانسلر ماں شاکمبری یونیورسٹی سہارنپور اور پولیس رینج سہارنپور کے ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی نے مشترکہ طور پر فضا میں کبوتر اڑا کر کیا۔

اس موقع پر پروفیسر ایچ ایس سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ اور طالبات کی تعلیمی صلاحیتوں کو ایک نئی جلا اور ایک نئی توانائی دینے کا کام کرتے ہیں اور بچوں کے اندر چھپی ہوئی غیر محسوس صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں ۔اس طرح کی نمائش بچوں کی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ایک مثبت کردار ادا کرتی ہے۔

نواز گرلس پبلک اسکول میں آرٹ اور سائنس کی ایگزی بیشن منعقد کرکے تمام طالبات کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبات نے آرٹ گیلری میں بہت پر کشش تصاویر اور کیلی گرافی ہی پیش نہیں کی بلکہ سائنس کی طالبات نے سائنس اور آرٹی فیشیل انٹےلجینس پر منحصر مختلف ماڈل بنا کر مستقبل کے سائنسداں ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے اسکول کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی ، تمام اسٹاف اور طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی ۔ ڈی آئی جی پولیس اجے کمار ساہنی نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بنائے ہوئے ماڈل دیکھ کر مجھے خوشی بھی ہوئی اور حیرت بھی، بہت سے ماڈل دیکھنے والوں کوسوچنے اور کچھ کر گزرنے کی تحریک دے رہے ہیں۔

 اسکول کی طالبات نے این جی پی ایس ائیر پورٹ اور جنگل سفاری کے شاندار زون بنائے تھے،این جی پی ایس ائیر پورٹ کے نام سے ایک پورا زون بنایا تھا تاکہ جہاز کے سفر کا ارادہ کرنے والے لوگوں کو تمام ضروری معلومات فراہم کی جا سکیں۔جنگل سفاری کا زون نہایت محنت سے تیار کیا گیا تھا اور حقیقی جنگل کا منظر پیش کرنے کے لیے تمام دیواروں پر کاغذ اور کپڑے کی مدد سے ہریالی کا منظر پیش کیا گیا تھا، آرٹی فیشیل بیلیں، پیڑ ، پوودے، گُفائیں ایک الگ ہی منظر پیش کر رہے تھے، چھوٹے بچے، شیر، چیتا، ہاتھی اور دوسرے جنگلی جانوروں کی کھالیں پہن کر لوگوں کو متوجہ کر رہے تھے۔

اخیر میں اسکول کے ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر عبداللہ نواز خان اور پرنسپل ڈاکٹر فوزیہ عبداللہ نے تمام مہمانوں اور آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

نواز گرلس پبلک اسکول کے فاؤنڈر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے پروفیسر ایچ ایس سنگھ، اجے کمار ساہنی اور تمام مہمانوں کو اسکول کی دوسری نئی تعمیر شدہ عمارت کا بھی معائنہ کرایا جس پر سب نے خوشی کا اظہار کیا۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے