دیش
وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا اعلان،پورے ملک میں 21 جون کو دوبارہ ہوگانیٹ کا امتحان
(پی این این)
نئی دہلی۔مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے آج نیٹ یو جی امتحان سے متعلق ایک بڑا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ سال سے نیٹ یو جی امتحان کمپیوٹر پر مبنی فارمیٹ، یعنی ’سی بی ٹی موڈ‘ میں منعقد کیا جائے گا۔
انھوں نے طلبا کو بھروسہ دلایا کہ حکومت شفاف، غیر جانبدار اور محفوظ امتحان سسٹم کے تئیں پرعزم ہے اور مناسب وسائل کا استعمال کرنے والے کسی بھی شخص یا گروپ کو بخشا نہیں جائے گا۔ انھوں نے میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ نیٹ یو جی 2026 کا منسوخ امتحان اب دوبارہ 21 جون کو منعقد ہوگا۔دھرمیندر پردھان نے کہا کہ این ٹی اے نے 3 مئی کو منعقد امتحان کے بعد پیدا حالات کا جائزہ لیا اور پھر امتحان کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 7 مئی کو نیٹ یو جی پیپر لیک کی خبریں سامنے آنے کے بعد کئی طرح کی فکر سامنے آئیں۔
اس کے بعد حکومت نے معاملے کی آفیشیل جانچ شروع کی اور 12 مئی تک ابتدائی جانچ سے پتہ چل گیا کہ سوالنامہ ’گیس پیپر‘ نیٹورک کی آڑ میں لیک کیا گیا تھا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اہل اور قابل امیدوار اس سے متاثر نہ ہوں۔ انھوں نے امتحان کے عمل میں غیر جانبداری سے متعلق کہا کہ ہم اہل طلبا کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دینا چاہتے۔وزیر تعلیم نے نیٹ یو جی کے امتحان میں دوبارہ شامل ہونے والے طلبا سے کہا کہ ان کی کوشش مراحل کو آسان بنانا ہے۔ اس امتحان میں دوبارہ شامل ہونے والے طلبا کو اپنی پسند کا امتحان سنٹر منتخب کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس قدم کا مقصد سفر کے بوجھ کو کم کرنا اور امتحان رد ہونے کے بعد دوبارہ امتحان دینے والے لاکھوں طلبا کے لیے سہولیات میسر کرانا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ’نیٹ یو جی 2026‘ کے دوبارہ ہونے والے امتحان سے متعلق ایڈمٹ کارڈ 14 جون تک جاری کر دیے جائیں گے۔
دریں اثنا نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی(این ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ نیٹ کا دوبارہ امتحان 21 جون کو پورے ملک میں ایک ساتھ لیا جائے گا۔اس کے لئے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔