دیش
آسام میں یکساں سول کوڈ بل کو کابینہ کی ہری جھنڈی، مسودہ تیار،اسمبلی میں 26 مئی کو پیش ہوگا یو سی سی بل،وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا سرما کا اعلان
(پی این این)
گوہاٹی:آسام میں دوسری بار اقتدار سنبھالنے کے بعد ہمنت بسوا سرما پورے فارم میں ہیں۔انھوں نے کہا ہے کہ آسام میں ہر حال میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائیگا۔ آسام حکومت نے بدھ کے روز ریاست میں یکساں سول کوڈ (یونیفارم سول کوڈ / UCC) نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے، تاہم قبائلی برادریوں کو اس کے دائرۂ کار سے باہر رکھا جائے گا۔ یہ معلومات وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے دی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کی دوسری مدت کی پہلی کابینہ میٹنگ کی صدارت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو سی سی بل 26 مئی کو نئی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: “یہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں لیا گیا ایک اہم فیصلہ ہے اور یہ انتخابات کے دوران کیے گئے ہمارے وعدے کے مطابق ہے۔” سرما نے کہا کہ اتراکھنڈ، گوا اور گجرات پہلے ہی یو سی سی نافذ کر چکے ہیں، لیکن آسام حکومت نے اسے ریاست کی ضروریات کے مطابق تیار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا: “ہم نے قبائلی آبادی کو یو سی سی کے دائرے سے مکمل طور پر باہر رکھا ہے۔ آسام کے لوگوں کے تمام رسم و رواج، روایات اور سماجی طریقے یو سی سی کے دائرے میں نہیں آئیں گے۔” وزیر اعلیٰ کے مطابق یو سی سی وراثت، شادی، لیو اِن ریلیشن شپ، اور شادی و طلاق کی لازمی رجسٹریشن جیسے معاملات کو منظم کرے گا۔