Connect with us

بہار

کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے انتخاب میں تمام پارٹیوں کی ملی حمایت: روڈی

Published

on

(پی این این)
سارن :مقامی ایم پی راجیو پرتاپ روڈی کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے ایڈمنسٹریٹو سکریٹری کا انتخاب جیتنے کے بعد پہلی بار دیشا کی میٹنگ کے لئے چھپرہ آنے پر مقامی نامہ نگاروں سے گفتگو کی۔بی جے پی کے ضلع صدر رنجیت کمار سنگھ کی صدارت میں سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روڈی نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں اب تک کا سب سے تاریخی انتخاب کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے انتظامی سکریٹری کے عہدہ کے لئے ہوا۔حکمراں پارٹی بی جے پی اور اپوزیشن سبھی نے ووٹ دیا اور مجھے تمام پارٹیوں نے ترقی کے نام پر حمایت کیا۔چاہے وہ ہندوستان کے کسی بھی کونے کے ایم پی ہوں۔سب نے راجیو پرتاپ روڈی کے کام کو ووٹ دیا۔یہ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے تاریخی لمحہ تھا۔جب تمام ممبران پارلیمنٹ نے میرے کئے گئے کاموں پر مجھے ووٹ دیا۔جس کی وجہ سے سارن کا ایم پی اور آپ کا بھائی،بیٹا ہندوستان کے آئین کے مرکزی کلب کے ایڈمنسٹریٹو سکریٹری کے عہدے پر منتخب ہوا۔
انہوں نے دیشا کی میٹنگ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈبل ڈیکر،نمامی گنگے سمیت تمام ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بہت جلد سارن کے تمام کام مکمل ہو جائیں گے۔منصوبوں کے معیار میں اضافہ کیا گیا ہے۔اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ سارن کے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ آج ملک کے وزیر اعظم گیا آئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں بے مثال کام ہوا ہے۔جس کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔سڑکوں،شاہراہوں،بڑے ایمس،ہوائی اڈے،پارلیمنٹ،ثقافتی دھارے کو بچانے اور مذہبی مقامات کی ترقی کے ساتھ ساتھ طلباء کے لیے انجینئرنگ کالج اور نوجوانوں کے پڑھنے کے لیے میڈیکل کالج تمام شعبوں میں بے مثال ترقی ہوئی ہے۔جس کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔بہت سے کام مکمل ہو چکے ہیں اور متعدد کام جاری ہیں۔بہت سے کام عنقریب مکمل ہونے والے ہیں۔وندے بھارت سمیت کئی ٹرینیں بہار سے چل رہی ہیں۔آنے والے وقت میں کئی اور ٹرینیں چلنا شروع ہونے والی ہیں۔بہار کی ترقی بہت تیز رفتاری سے چل رہی ہے۔روڑی نے اپوزیشن کی یاترا پر کہا کہ لوگوں کے کسی بھی طرح کے یاترا کا بہار کے لوگوں پر کوئی اثر نہیں ہونے والا ہے۔بہار کے عوام این ڈی اے مخلوط حکومت کے کام کو دیکھ رہے ہیں۔وہ کسی کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔آج جو لوگ یاترا نکال رہے ہیں بہتر ہوتا کہ وہ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کروانے کی کوشش کرتے۔
پریس کانفرنس سے پہلے بی جے پی ضلع صدر رنجیت کمار سنگھ نے ایم پی راجیو پرتاپ روڈی کا گلدستہ اور شال پیش کرکے خیرمقدم کیا۔نظامت جنرل سکریٹری وویک کمار سنگھ نے کی۔موقع پر وزیر کرشن کمار منٹو،ایم ایل اے جنک سنگھ،سابق ضلع صدر رام دیال شرما،رمیش پرساد،ورکنگ کمیٹی رکن راکیش کمار سنگھ،جنرل سکریٹری نرنجن شرما،دھرمیندر شاہ،اردھیندو شیکھر،وکاس گپتا،بلونت سنگھ،میئر لکشمی نارائن گپتا،راجن سنگھ، سوویت سنگھ،راجدھانی سنگھ،دھرمیندر چوہان،سشیل کمار سنگھ،مدن سنگھ،انل سنگھ،راکیش کمار سنگھ،انجنیئر ستیندر سنگھ وغیرہ موجود تھے۔

بہار

مولانا عبداللہ سالم قاسمی کی گرفتاری تشویشناک :امیر شریعت

Published

on

(پی این این)
پٹنہ : مولانا احمد ولی فیصل رحمانی امیر شریعت بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے اپنےایک بیان میں مولانا عبداللہ سالم قاسمی کی گرفتاری کی نوعیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اوراس تناظر میں آئینِ ہند کی بالادستی، شہری آزادیوں کے تحفظ اور ریاستی طاقت کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئےکہا کہ انڈین جمہوریت کی اصل روح اس کے آئین میں مضمر ہے، اور یہی آئین ریاست اور شہری کے درمیان ایک عادلانہ معاہدہ کی حیثیت رکھتا ہے لہذا اس کا خیال رکھنا ہر ایک کیلئے ضروری ہے۔
امیر شریعت نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مولانا عبداللہ سالم قاسمی کی گرفتاری کے طریقہ کار نے ایسے بنیادی سوالات کو جنم دیا ہے جو پورے نظامِ انصاف اور ریاستی طرزِ عمل سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اس اصول کی ہے کہ کیا ریاستی طاقت کا استعمال آئین کے دائرے میں ہو رہا ہے یا نہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئینِ ہند کا آرٹیکل 19(1)(a) ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے، اور اس آزادی پر پابندیاں صرف اسی صورت میں عائد کی جاسکتی ہیں جب وہ آرٹیکل 19(2) کے تحت معقول، محدود اور آئینی معیار پر پوری اترتی ہوں۔ امیر شریعت نے اس امر کی طرف بھی توجہ دلائی کہ سپریم کورٹ نے متعدد فیصلوں میں یہ واضح کیا ہے کہ محض کسی بات کا ناگوار ہونا اسے جرم نہیں بنا دیتا، جب تک وہ براہِ راست امن عامہ کو متاثر نہ کرے۔
امیرشریعت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آرٹیکل 21 ہر شہری کی شخصی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور اس کے تحت کسی بھی شخص کو صرف اسی صورت میں اس آزادی سے محروم کیا جا سکتا ہے جب ایک منصفانہ، معقول اور شفاف طریقۂ کار اختیار کیا جائے۔ اسی طرح آرٹیکل 22 گرفتاری کے وقت بنیادی تحفظات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے ڈی کے باسو بنام ریاست مغربی بنگال (1997) میں گرفتاری کے واضح اصول متعین کیے گئے ہیں، جن کی پابندی ہر حال میں لازم ہے۔
امیر شریعت نے اپنے بیان میں ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان اطلاعات کا حوالہ دیا جن کے مطابق مولانا عبد اللہ سالم کو پیشی کے وقت کمزور اور تشویشناک حالت میں دیکھا گیا اور ایک ویڈیو معذرت بھی سامنے آئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امور بذاتِ خود کسی جبر کو ثابت نہیں کرتے، مگر یہ ایسے سوالات کو ضرور جنم دیتے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اسی تناظر میں امیر شریعت نے نہایت دوٹوک انداز میں متعدد سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا گرفتاری مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دی گئی؟ کیا متعلقہ شخص کو گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا اور اس کے اہلِ خانہ کو اطلاع دی گئی؟ کیا لازمی طبی معائنہ کرایا گیا؟ اگر وہ پیشی کے وقت کے کمزور حالت میں نظر آئے تو اس کی کیا وجہ ہے؟ اور جو معذرت سامنے آئی، وہ کن حالات میں دی گئی—کیا وہ مکمل رضامندی کے ساتھ تھی یا ایسے ماحول میں دی گئی جہاں آزادیِ ارادہ متاثر ہو سکتی تھی؟
انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ایک ریاست کی پولیس کی جانب سے دوسری ریاست میں کارروائی کے لیے کون سا قانونی طریقہ اختیار کیا گیا، اور کیا اس میں مقامی پولیس کو شامل کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک وفاقی نظام ہے، اور اس نظام کی روح باہمی احترام اور قانونی ہم آہنگی میں ہے، نہ کہ یک طرفہ طاقت کے استعمال میں۔
امیر شریعت نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یہ سوالات کسی الزام کے طور پر نہیں بلکہ آئینی جوابدہی کے تقاضے کے طور پر اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط جمہوریت وہی ہوتی ہے جہاں ریاستی طاقت شفاف ہو، قانون کے تابع ہو، اور عوام کے سامنے جوابدہ ہو۔
اپنے بیان کے اختتام پر امیر شریعت نے کہاکہ اگر آئین کے اصولوں کو نظر انداز کیا جائے تو اس کا اثر صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورے معاشرے میں بے چینی اور عدمِ اعتماد کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی مکمل تفصیلات، طریقۂ کار اور قانونی بنیاد کو عوام کے سامنے پیش کریں تاکہ قانون کی حکمرانی پر اعتماد برقرار رہے اور مولانا پر کسی بھی طرح کا جبر ، اور ذہنی و جسمانی اذیت کا معاملہ ہر گز نہ کیا جائے اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کیلئے مولانا کے ساتھ انصاف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی اصل طاقت اس میں نہیں کہ سوال نہ اٹھائے جائیں، بلکہ اس میں ہے کہ سوال اٹھائے جائیں—اور ان کے جواب دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ دیے جائیں۔

Continue Reading

بہار

نتیش کمار نے بہارقانون ساز کونسل کی رکنیت سے دیااستعفیٰ

Published

on

(پی این این )
پٹنہ :بلآخر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار راجیہ سبھا رکن کے طور پر منتخب ہونے کے بعد قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جے ڈی یو لیڈر وجے کمار چودھری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار پہلے ہی راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہو چکے ہیں، اس لیے استعفیٰ ضروری تھا۔ نتیش کمار کی جانب سے جے ڈی یو ایم ایل سی سنجے گاندھی نے بہار قانون ساز کونسل کے چیئر مین کو استعفیٰ سونپ دیا ہے۔
واضح ہوکہ نتیش کمار 2006 سے مسلسل قانون ساز کونسل کے رکن تھے، وہ رواں ماہ 16 مارچ کو راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہو گئے تھے۔ جے ڈی یو کے سربراہ ان لیڈران میں شامل ہیں جو چاروں ایوانوں کے رکن بنے ہیں۔ نتیش کمار نے راجیہ سبھا انتخاب لڑنے کے دوران کہا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ راجیہ سبھا رکن کے طور پر منتخب ہوں، اس لیے انہوں نے یہ فیصلہ لیا ہے۔
واضح رہے کہ نتیش کمار 1985 میں ہرنوت اسمبلی سیٹ سے جیت حاصل کر اسمبلی پہنچے تھے۔ اس کے بعد 1989 میں وہ نویں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 2006 سے مسلسل قانون ساز کونسل کے رکن تھے۔ اب پہلی بار راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر وہ اپنی نئی پاری کی شروعات کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ 10 اپریل کو وہ راجیہ سبھا کی رکنیت حاصل کریں گے۔

Continue Reading

بہار

جیویش کمار نے ہائی اسکول کی عمارت کا کیا افتتاح

Published

on

(پی این این )
جالے: جالے اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کو مزید تقویت دیتے ہوئے رکنِ اسمبلی و سابق ریاستی وزیر جیویش کمار نے 2 اہم عوامی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی نمائندے، معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں عوام موجود رہے۔
راڑھی جنوبی پنچایت (بہاری) میں نوتعمیر شدہ ہائی اسکول عمارت کا افتتاح عمل میں آیا، جس کی تعمیر تقریباً 213.27 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔ اس عمارت کے قیام سے علاقے کے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔
اسی طرح برہمپور مشرقی پنچایت (کٹائی) میں پنچایت سرکار بھون کا افتتاح کیا گیا، جس پر تقریباً 305.31 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس عمارت کے ذریعے مقامی انتظامی نظام کو مضبوطی ملے گی اور عوام کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جا سکیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی جیویش کمار نے کہا کہ حلقہ میں تعلیم، دیہی ترقی اور بہتر حکمرانی کو فروغ دینا ترجیحات میں شامل ہے، اور اس سمت میں کام جاری رہے گا۔تقریب میں شریک افراد نے ان منصوبوں کو علاقہ کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

Continue Reading

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network