Bihar
نسل نو کو اسلامی سانچے میں ڈھالناوقت کی اہم ترین ضرورت :قمر انیس قاسمی
(پی این این)
سمستی پور:مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم، امیر شریعت بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کی ہدایت اورناظم امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال حضرت مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کی ایماء پر مولانا قمر انیس قاسمی ،معاون ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی قیادت میں امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کا ایک دعوتی و اصلاحی وفد ضلع سمستی پور کے تاج پور، سرائے رنجن، اوجیار پور، دلسنگھ سرائے اور وارث نگر بلاک کے مختلف مواضعات کے دورے پر ہے، وفد میں مفتی راشد انور قاسمی معاون قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، مولانا امان اللہ قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ دھرم پور سمستی پور، مفتی نیراسلام قاسمی استاذ حدیث دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، مولانا محمد جمیل اختر رحمانی مبلغ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ اور مولانا رضوان احمد مظاہری مبلغ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ شریک ہیں۔
موضع دریاپور لگنیا، علی نگر مہیش پٹی ، صلحا بربٹہ ، ساتن پور ،چاند چور رحیم ٹولہ میں عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے قائد وفد مولانا قمر انیس قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ نے فرمایا کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے بڑی تیزی کے ساتھ نسل نو بے دینی کی طرف بڑھ رہی ہے منظم سازش کے تحت نوجوانوں کے ایمان و عقیدہ کا سودا کیا جارہا ہے ایسے حالات میں ان کے دلوں کو ایمان سے منور کرنا اور انہیں اسلامی سانچے میں ڈھالنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
انہوں نے مزیدکہا کہ امارت شرعیہ پورے ملک کے مسلمانوں کے لیے اور خصوصا بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے مسلمانوں کے لیے اللہ کی ایک عظیم نعمت ہے، امارت شرعیہ مسلمانوں کی مذہبی ضرورت ہے، اس کی عظمت و تقدس کا لحاظ رکھنا اور اس کی ضرورتوں کا خیال کرنا، مسلمانوں کے لیے لازم ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک امیر شریعت کی ماتحتی میں رہ کر ان کی اطاعت و فرمانبرداری کرنا مسلمانوں پر واجب ہے۔ اس لیے امارت شرعیہ سے جڑ کر رہنا اور امیر شریعت کے پیغام پر لبیک کہنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قائد وفد نے امارت شرعیہ کے سو سالہ خدمات سے روشناس کرایا تمام شعبوں کا بہت ہی جامع تعارف کرایا، نیز انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھر کو اسلامی ماحول سے مزین کریں، مرد و عورت خود بھی اسلامی احکامات پر عمل کریں اور اپنے بچے اور بچیوں کو بھی ان پر عمل کرنے تلقین کریں۔
مفتی راشد انور قاسمی معاون قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ نے اپنے خطاب میں اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ کلمہ واحدہ کی بنیاد پر وحدت و اجتماعیت کے ساتھ زندگی گزاریں، اسی میں ان کی بقا ہے، انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اپنا معاشرہ ایک صالح اور اسلامی معاشرہ بنائیں۔
مفتی امان اللہ قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ سمستی پور نے دارالقضاء کی اہمیت ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ اپنے معاملات امارت شرعیہ کے دارالقضاء سے حل کرائیں۔ مفتی نیر الاسلام قاسمی صاحب استاذ حدیث دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ نے ذمہ داران اور گارجین حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں، انہیں اس طرح اسلامی سانچے میں ڈھالیں کہ ان کے دل و دماغ میں ایمان اور اسلام پیوست ہو جائے۔ مولانا جمیل اختر رحمانی صاحب مبلغ امارت شرعیہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے، مولانا رضوان صاحب مظاہری مبلغ امارت شرعیہ اور مولانا جمیل اختر رحمانی مبلغ امارت شرعیہ نے وفد کے اس دورے کو کامیاب بنانے میں مسلسل جد و جہد کر رہے ہیں ، جناب عبد الرحمن صاحب دریاپور لگنیا جناب شمیم صاحب علی نگر مہیش پٹی ، مولانا ضیاء اللہ اور شمیم صاحب صلحا، جناب ارشد احمد و احمد صاحب ساتن پور، مولانا امیر معاویہ، حافظ محمد شکیل صاحب مکھیا عبد الرحمن صاحب چاند چور رحیم ٹولہ وغیرھم نے امارت شرعیہ کے اس وفد کا پرجوش استقبال کیا، اکرام کیا، ضیافت کی۔ واضح رہے کہ وفد کا یہ دورہ مؤرخہ 10/ جون 2026 سے 17/ جون 2026 تک جاری رہے گا۔