دلی این سی آر

اردو اکادمی کا سمر کیمپ: نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے کی کامیاب کوشش

Published

on

 

نئی دہلی :اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام اور محکمہ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے خصوصی تعاون سے 14 مئی تا 3 جون 2026 جاری ’’سمر کیمپ‘‘ کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس میں چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے تقریباً 230 طلبہ و طالبات سرگرمِ عمل ہیں۔ اس بامقصد پروگرام کے انعقاد میں حکومتِ دہلی، بالخصوص اکادمی کے چیئرمین اور وزیر برائے فن، ثقافت و السنہ جناب کپل مشرا کی سرپرستی اور تعاون کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ اردو اکادمی، دہلی اس بھرپور تعاون پر حکومتِ دہلی اور جناب کپل مشرا کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔
سمر کیمپ کا بنیادی مقصد نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا، ان کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ کیمپ میں خطاطی، غزل گائیکی، پینٹنگ، داستان گوئی، شخصیت سازی اور اردو زبان دانی سمیت مختلف موضوعات پر تربیتی کلاسیں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں ماہر اساتذہ طلبہ کو عملی اور نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ طلباکو جونیئر اور سینئر زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ان کی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھارا جا سکے۔
بچوں اور ان کے سرپرستوں کی دلچسپی کے پیشِ نظر گزشتہ روز اور آج محفلِ غزل، محفلِ قوالی اور داستان گوئی کی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ گزشتہ روز نوجوان غزل گلوکار ارمان علی نے منتخب غزلیں اور صوفیانہ کلام پیش کیا۔ بعد ازاں سمر کیمپ میں غزل گائیکی کی تربیت حاصل کرنے والے طلبا نے بھی اپنی غزلیں پیش کیں،جنھیں والدین اور حاضرین نے بے حد سراہا۔آج صبح نو بجے معروف قوال گلوکارہ ناز وارثی نے محفلِ قوالی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلکش قوالیاں پیش کیں۔ اس کے بعد جناب جاوید کی ہدایت کاری چھوٹے بچوں کے ذریعہ تیار کیا گیا مزاحیہ ڈراما ’’اندھیر نگری‘‘ پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے خوب پسند کیا اور فن کاروں کی کارکردگی کو بھرپور داد دی۔بعد ازاں پرتھم ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے وابستہ معروف ٹرینر اور لرننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اسپیشلسٹ جناب فیصل قدوسی نے طلبا، والدین اور اساتذہ سے خطاب کیا۔ انھوں نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نئی مہارتوں کے حصول، مسلسل سیکھنے کی اہمیت، مصنوعی ذہانت کے مثبت اور مؤثر استعمال، خود اعتمادی، مؤثر ابلاغ اور شخصیت سازی جیسے اہم موضوعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انھوں نے طلبا کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور انھیں عملی جامہ پہنانے کے لیے محنت، مستقل مزاجی اور لگن کو اپنا معمول بنانے کی تلقین کی۔ اس موقع پر انھوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کی تخلیقی، فکری اور تعلیمی نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں اور ان کی صلاحیتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ان کی فکر انگیز، معلوماتی اور مؤثر گفتگو سے شرکا نے بھرپور استفادہ کیا اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے حوالے سے مفید رہنمائی حاصل کی۔

اس کے بعد ساحل آغا کی ہدایت کاری میں موہنی اور دلکش تیواری نے دلچسپ داستانیں پیش کیں۔ بعد ازاں سمر کیمپ کے طلبا نے بھی داستان گوئی کی تربیت کے دوران تیار کی گئی اپنی داستانیں حاضرین کے سامنے پیش کیں، جنہیں بھرپور داد و تحسین سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ سمر کیمپ کا اختتامی پروگرام 3 جون 2026 کو منعقد ہوگا، جس میں طلبہ و طالبات کو شرکت اور کامیاب تکمیل کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر کیمپ کے دوران تیار کردہ تخلیقی و فنی سرگرمیوں کی جھلک بھی پیش کی جائے گی۔اردو اکادمی، دہلی کو یقین ہے کہ اس نوعیت کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں نئی نسل کی فکری، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے میں مؤثر کردار ادا کریں گی اور اردو زبان و ادب کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network