uttar pradesh
اترپردیش میںشدید گرمی کی لہر،ریاست کے دیگراضلاع میں کہیں سخت گرمی کی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
(پی این این)
لکھنؤ:اتر پردیش میں آئندہ تین دنوں کے دوران بندیل کھنڈ اور پوروانچل کے بعض اضلاع میں ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ریاست کے کئی حصوں میں گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اثراتی پیش گوئی کے مطابق 9 جون سے 10 جون کی صبح تک باندا، چترکوٹ، کوشامبی، پریاگ راج، فتح پور، سون بھدر، مرزاپور، چندولی، وارانسی، سنت روی داس نگر، کانپور دیہات، کانپور نگر، جالون، ہمیرپور، مہوبا اور جھانسی سمیت ملحقہ علاقوں میں شدید گرمی کی لہر چلنے کا امکان ہے۔
اسی دوران ریاست کے مشرقی، وسطی اور مغربی علاقوں کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ان اضلاع میں اعظم گڑھ، مئو، بلیا، دیوریا، گورکھپور، بستی، کشی نگر، مہاراج گنج، لکھیم پور کھیری، لکھنؤ، بارہ بنکی، رائے بریلی، ایودھیا، سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، میرٹھ، غازی آباد، آگرہ، فیروز آباد، اٹاوہ، مین پوری، بریلی اور پیلی بھیت سمیت کئی علاقے شامل ہیں۔موسمیاتی مرکز کے مطابق 10 جون سے 11 جون کی صبح تک بھی بندیل کھنڈ اور اس سے ملحق پوروانچل کے اضلاع میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ دوسری جانب سون بھدر، مرزاپور، وارانسی، غازی پور، مئو، دیوریا، گورکھپور، بستی، گونڈا، بلرام پور، بہرائچ، لکھیم پور کھیری، سہارنپور، شاملی، میرٹھ، آگرہ، بریلی اور شاہجہاں پور سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔11 جون سے 12 جون کی صبح تک مغربی اتر پردیش کے سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، بجنور، امروہہ، مراد آباد، رام پور، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، سنبھل اور بدایوں میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز جھونکے دارہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے مشرقی اور وسطی حصوں کے کئی اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ، اوریا، جالون، ہمیرپور، مہوبا، جھانسی اور للت پور میں 11 جون کو بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ نے مشورہ دیا ہے کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران لوگ محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ بجلی گرنے کے خدشے کے وقت برقی آلات کے پلگ نکال دیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ تیز ہواؤں کے دوران کچے مکانات، کمزور ڈھانچوں اور کھلے مقامات پر خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر عوام کو دوپہر کے وقت زیادہ دیر تک دھوپ میں رہنے سے بچنے، وافر مقدار میں پانی اور دیگر مشروبات استعمال کرنے اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کسانوں کو شام کے وقت ہلکی آبپاشی کرکے کھیتوں میں نمی برقرار رکھنے اور مویشیوں کو سایہ دار مقامات پر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین وارننگز اور پیش گوئیوں پر نظر رکھیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔