جالے نگر پریشد اجلاس میں ہنگامہ، 22 اراکین نے کیا بائیکاٹ
(پی این این)
جالے:دربھنگہ ضلع کے جالے نگر پریشد کے جنرل بورڈ کی بیٹھک ایک بار پھر غیر یقینی کا شکار ہو گئی جب 25 میں سے 22 اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ اجلاس کا مقصد بجٹ کی منظوری، صفائی کے انتظامات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بحث کرنا تھا، لیکن اراکین کی عدم موجودگی کے سبب کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔بائیکاٹ کرنے والے اراکین نے الزام لگایا کہ نگر پریشد کے ایگز کیوٹیو افسر اجئے کمار، میئر پنٹو کمار مہتھا،نائب میئر شمشاد خان اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کی منمانی اور ملی بھگت سے کام کئے جارہے ہیں۔دیگر اراکین سے کوئی مشورے نہیں لئے جاتے اور ان کے کاموں کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ 15 مہینوں سے نگر پریشد میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیا جا رہا ہے۔ سڑکوں کی خستہ حالت، صفائی کے ناقص انتظامات اور عوامی فلاح کے منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
بائیکاٹ کرنے والوں میں ویبھا دیوی، چندا کماری، سیما دیوی، رحیمہ خاتون، راہل کمار داس، کلیا دیوی، گننی خاتون، محمد افتخار، اروند پرساد ورما، قمر علی، محمد ممتاز حسین، سلطانہ خاتون، محمد جمیل اختر، چندن کمار،مرزا آرزو بیگ، جمیس قریشی، کہکشاں پروین، سبودھ منڈل، چنچل کماری، ایمامن خاتون،راگنی کماری، لاڈلی خاتون وغیرہ شامل ہیں۔ان اراکین نے نگر پنچایت کے صفائی کمیٹی کی کارکردگی پر بھی سخت سوال اٹھائے گئے۔ مقامی ایجنسی کے ذریعے صفائی کا کام پچھلے دو مہینوں سے بند ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں گندگی کا انبار لگ گیا ہے۔ عوامی شکایات کے باوجود کوئی حل پیش نہیں کیا جا سکا۔اجلاس کے بعد نگر پریشد کے میئر پنٹو کمار مہتھا اور نائب میئر شمشاد خان نے کہا کہ اراکین کے بائیکاٹ پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صفائی کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ کی منظوری کے سلسلے میں جلد نیا اجلاس بلایا جائے گا۔
غور طلب ہو کہ جالے نگر پریشد میں مسلسل تعطل اور غیر حاضری سے عوامی مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔ مقامی شہریوں نے اراکین اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوام کے مسائل کے حل کے لیے متحد ہو جائیں۔پوچھے جانے پر ایگز کیوٹیو افسر اجئے کمار نے بتایا کہ وہ میٹنگ میں لئے جانے والے تجویز کے مطابق نگر پریشد حلقے کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں۔ان پر منحرف گروپ کے ذریعہ لگایا جارہا الزام بے بنیاد ہے۔