Connect with us

جھارکھنڈ

اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت:امارت شرعیہ

Published

on

(پی این این)
رانچی :امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت اور مولانا مفتی سعید الرحمٰن قاسمی ناظم امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کے ایماء پر ضلع رانچی میں مولانا مفتی سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کی قیادت میں امارت شرعیہ کا دورہ وفد باقاعدہ شروع ہو چکا ہے یہ دورہ مورخہ 8 تا 15دسمبر ٢٠٢٥ء آٹھ روز پر مشتمل ہوگا ۔
وفد کا پہلا پروگرام دس بجے دن مدرسہ اسلامیہ محمودیہ مڑما ، رانچی کی مسجد میں اور دوسرا پروگرام بعد نماز مغرب جامع مسجد برہامبے، رانچی میں منعقد ہوا اور دوسرے دن کا پروگرام فردوس نگر ،پھسرا ٹانڑ کی مسجد میں ظہر بعد اور مغرب کے بعد کنبھیٹا میں قائد وفد مولانا مفتی محمد سھیل اختر قاسمی نائب قاضی امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی صدارت میں منعقد ہوا، دونوں پروگرام میں شرکاء وفد نے یکے بعد دیگرے اپنی دعوتی و اصلاحی خطابات کے ساتھ ساتھ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے پیغامات کو بھی لوگوں تک پہنچایا، دونوں پروگرام میں قائد وفد و صدر اجلاس نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن نے ہمیں اتحاد کی تعلیم دی ہے لیکن فی الوقت ہم لوگ قرآن کے اس پیغام و حکم سے دور ہوتے جا رہے ہیں، اتحاد امت اس وقت کی اہم ضرورت ہے اور امارت شرعیہ کی بنیادی چیز اتحاد ہے اس لئے ہم لوگوں کو حضرت امیر شریعت کی اطاعت میں متحد ہو کر اپنی زندگی گزارنا چاہیے اور کلمۂ واحدہ کی بنیاد پر متحد اور مجتمع ہو جائیں تو ہم ایک مضبوط اور مستحکم قوم ہوں گے نیز ہم اللہ کی مدد و نصرت کے حقدار بن جائیں گے۔
وفد کے اہم رکن قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی مفتی محمد انور قاسمی نے اپنے خطاب میں ایمان کی پختگی کی دعوت دیتے ہوئے فرمایا کہ قرآن نے مکمل طور پر ایمان میں داخل ہونے کا حکم دیا ہے اس حکم کی بجا آوری میں ہم پیچھے نظر آ رہے ہیں یعنی مکمل طور پر ایمان میں داخل ہوجائیں ہم ایمان کے تقاضے کو پورا کریں اور ایمانی پیغامات کو عام کریں، اسلام، قرآن و شریعت کی صحیح تصویر کو اپنے اعمال و کردار کے ذریعہ پیش کریں اور اپنے اعمال، اخلاق اور کردار کو درست کریں، اپنے معاملات کو درست کریں، ایک دوسرے کے ساتھ خیر خواہی اور بھلائی کا معاملہ کریں، یہ اسلام کا اہم حکم اور امارت شرعیہ کا بڑا پیغام ہے۔
وفد کے خصوصی رکن مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ نے اپنے درد مندانہ خطاب میں امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کی خدمات و افادیت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے امارت شرعیہ کی سو سالہ خدمات سے لوگوں متعارف کرایا اور فرمایا کہ اے لوگوں امارت سے جڑ کر ایک امیر کی ماتحتی میں زندگی گزاریں اور امارت شرعیہ کا تعاون کریں اپنے اس ادارے کو تقویت بخشیں، شرکاء وفد میں سے دارالقضاء امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ لوہردگا کے قاضی شریعت مفتی عمر فاروق مظاہری نے دارالقضاء کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے معاملات کو دارالقضاء سے حل کرانے پر زور دیا مزید انہوں نے فرمایا کہ قرآنی حکم کے مطابق اپنے تنازعات و اختلافی معاملات شریعت کے مطابق دارالقضاء سے حل کرائیں اور قرآنی فرمان پر عمل پیرا ہوں نیز قرآن و حديث کی روشنی میں ہونے والے فیصلے کو تسلیم کرنا اللہ اور رسول اللہ کی اطاعت کرنا ہے۔
وفد کے رکن مفتی ابوداؤد قاسمی معاون قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ ،بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی نے نعت رسول صلی اللہ علیہ و سلم پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت پر ابتدائی گفتگو کی اور فرمایا کہ اپنے معاشرہ کی اصلاح کے لئے نہایت ضروری ہے کہ اپنے بچوں اور نئی نسلوں کے بہتر مستقبل اور ان کی حفاظت کے لئے تعلیم و تربیت بنیادی ضرورت ہے، امارت شرعیہ شروع دن سے تعلیم و تربیت پر زور دیا ہے، شریک وفد مولانا سہیل سجاد قاسمی انچارج امارت پبلک اسکول نگڑی رانچی نے بھی گارجین حضرات کو بچوں کو مکتب اور اسکول سے جوڑنے کی ترعیب دی، دونوں پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا مزمل حسین قاسمی و حافظ شہاب الدین مبلغین امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ نے بہ حسن و خوبی انجام دیا، اخیر میں قائد وفد کی دعا پر دونوں پروگرام اختتام پذیر ہوا –

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network