اسلامیہ گروپ آف کالج میں منعقدہ کھیل مقابلے اختتام پذیر
دیوبند:اسلامیہ گروپ آف کالج میں منعقد ہونے والے کھیلوں کا آج اختتام ہوگیا، گزشتہ ایک ہفتہ سے چلنے والے کھیل مقابلوں کے ان اختتام پر اسپورٹ انچارج سمت کمار نے کہا کہ کھیلوں میں شرکت کرنے سے صحت وتندرستی برقرار رہتی ہے ، بلکہ اس میں بہتری آتی ہے اورآس پاس کے علاقوں میں بھی کھیلوں کے لئے جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر ڈسپلن، برداشت کا مادہ اور اخلاقی عادات پیدا ہوتی ہیں۔ اس ایک ہفتہ تک چلنے والے کھیلوں میں طلبہ وطالبات نے کبڈی ، والی بال، لانگ جمپ اور طالبات کے لئے کھوکھو ، ریس، بیڈ منٹن وغیرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ ان کھیل مقابلوں کے درمیان طلبہ وطالبات میں جوش و خروش بھرا رہا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ جمپ میں عمر نے پہلا مقام ، سوئیر ریس میں ارمان نے پہلا مقام اور کبڈی میں امجد چودھری کا گروپ فاتح رہا۔ کھوکھو مقابلوں میں کاجل شرما کی ٹیم نے جیت حاصل کی ، اسی طرح شوٹنگ میں سہرانہ، سوئیرریس میں آفرین نے پہلا مقام اور بیڈ منٹن میں روش نے جیت حاصل کی۔ ان کھیل مقابلوں کو کامیاب بنانے کے لئے اسلامیہ کالج دیوبند کے پرنسپل ڈاکٹر وکیل احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی ان مقابلوں میں جیت حاصل نہیں کرسکے انہیں مایوس ہو نے کی ضرورت نہیں۔آئندہ ہونے والے مقابلوں کے لئے اپنی تیاری اورجدوجہد جاری رکھیں ۔