Bihar
نئے صنعتی مرکز کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہےبہار،ریاست میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کاہوچکا ہے آغاز،اہم تجاویز کودی گئی ہے منظوری:وزیراعلیٰ
(پی این این)
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ریاست ملک کے اہم صنعتی مراکز میں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہے اور اس سمت میں اہم سرمایہ کاری تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے آج کہا کہ بہار میں صنعتی سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرمایہ کاری فروغ بورڈ کی 67ویں میٹنگ میں مظفرپور اور کشن گنج میں ڈالیمیا سیمنٹ اور امبوجا سیمنٹ کی بڑی صنعتی اکائیوں کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی 16 منصوبوں کو اسٹیج-1 کلیئرنس جبکہ چار منصوبوں کو مالی منظوری بھی فراہم کی گئی ہے۔مسٹر چودھری نے کہا کہ سیمانچل کے نوجوانوں کو اب روزگار کے لیے اپنا گھر چھوڑنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ صنعتیں خود ان کے دروازے تک پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ترقی یافتہ اور خوشحال بہار کی تعمیر ہے اور اسی سمت میں مسلسل مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وہیں بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ویشالی ضلع کے حاجی پور میں ملک کے تیسرے قومی ادارہ برائے غذائی ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ و مینجمنٹ (این آئی ایف ٹی ای ایم) کے قیام کو منظوری دے دی گئی ہے۔
مسٹر چودھری نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ بہار کو فوڈ پروسیسنگ کا قومی مرکز بنانے کی سمت میں ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی پور میں 100 ایکڑ رقبے پر تیار ہونے والا یہ ادارہ فوڈ پروسیسنگ، تحقیق، تکنیکی تعلیم اور انٹرپرینیورشپ کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے کسانوں، نوجوانوں اور کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھلیں گے اور ریاست میں زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔مسٹر چودھری نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کا عزم بہار کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔