Bihar
بہارکوسیلاب سےتحفظ فراہم کرنے کی تیاریاں شروع، نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری نے ریاست کے مختلف سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی صورتحال کالیا جائزہ،سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کے تمام انتظامات وقت سے پہلے اور معیاری طریقے سے مکمل کرنے کی دی ہدایت
(پی این این)
پٹنہ:بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے آبی وسائل وجے کمار چودھری نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں ممکنہ سیلاب اور خشک سالی (قحط سالی) کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاریاں مقررہ وقت سے پہلے اور بہترین معیار کے ساتھ مکمل کی جائیں۔
سنچائی بھون کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ کام مکمل کرنے کی آخری تاریخ (ڈید لائن) کا انتظار کیے بغیر تمام ضروری حفاظتی اقدامات وقت سے پہلے مکمل کر لیے جائیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کا دوبارہ جائزہ لے کر خامیوں کو دور کیا جا سکے۔
وزیرِ آبی وسائل نے افسران کو خبردار کرتے ہوئے کہا”بہترین اور مخلصانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران ستائش کے مستحق ہوں گے، جبکہ فرائض میں جان بوجھ کر لاپرواہی اور سستی برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”
اجلاس کے آغاز میں محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری کا استقبال کیا اور ریاست میں سیلاب کے انتظام اور آبپاشی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے محکمے کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
جائزہ اجلاس کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ندیوں کے کٹاؤ کو روکنے والے کاموں کی پیش رفت، بندوں کی مرمت اور دیکھ بھال، سیلاب سے بچاؤ کے ضروری سامان کی دستیابی اور انتہائی حساس مقامات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔