uttar pradesh
اتر پردیش میں آندھی اور بارش کے بعد تیز’ لُو‘ کا الرٹ،18 اور 19 مئی کو ریاست کے کئی حصوں میں چل سکتی ہے شدید گرم لہر:محکمہ موسمیات
(پی این این)
لکھنؤ: اتر پردیش میں جمعہ کو کئی مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کے امکان کے درمیان محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں شدید گرمی اور لو چلنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 مئی کو ریاست کے کئی حصوں میں شدید گرم لہر چل سکتی ہے۔
لکھنؤ کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری یومیہ روزانہ رپورٹ کے مطابق 15 مئی کو مغربی اور مشرقی اتر پردیش کے کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار بڑھ کر 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بادلوں کی گرج اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 16 مئی سے ریاست میں موسم بنیادی طور پر خشک رہنے لگے گا۔ تاہم جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں لو چلنے کا امکان برقرار رہے گا۔ 17 مئی کو بھی ریاست کے مختلف حصوں میں گرم لہر کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ بلیٹن کے مطابق 18 اور 19 مئی کو مغربی اور مشرقی اتر پردیش کے کئی علاقوں میں شدید گرم لہر کی صورتحال بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو دوپہر کے وقت زیادہ محتا رہنے اور بلا ضرورت دھوپ میں باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ 20 اور 21 مئی کو مغربی اتر پردیش میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مشرقی اتر پردیش کے کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ان دنوں جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں لو چلنے کا امکان رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں سے آندھی اور بجلی گرنے کے دوران کھلے مقامات پر نہ رکنے، درختوں کے نیچے پناہ نہ لینے اور بجلی کے آلات سے دوری بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرمی اور لو سے بچاؤ کے لیے وافر مقدار میں پانی پینے اور دھوپ سے ہر طرح سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔