Bihar
سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنے بیٹے نشانت کمار کے ساتھ پہنچے اپنے آبائی گاؤں کلیان بیگھا
(پی این این)
بہار شریف:بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کے بیٹے وزیر صحت نشانت کمار جمعرات کی صبح 10 بجے اپنے آبائی گاؤں ہرناوت کے کلیان بیگھا پہنچے۔ وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور راجیہ سبھا رکن بننے کے بعد یہ ان کا اپنے آبائی گاؤں کا پہلا دورہ ہے۔نتیش کمار اور نشانت کمار نے گاؤں کے دیوی مندر میں پوجا ارچنا کی۔ اس کے بعد رام لکھن سنگھ اسمرتی واٹیکا احاطے میں پہنچ کر نتیش کمار نے اپنی اہلیہ مرحومہ منجو دیوی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بتادیں کہ آج ان کی اہلیہ کی 19ویں برسی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جب نتیش کمار وزارت اعلیٰ کے عہدے پر تھے تو مقامی لوگ ہزاروں کی تعداد میں انہیں درخواست دینے کے لیے کلیان بیگھا پہنچتے تھے لیکن اس بار کچھ الگ منظر دیکھنے کو ملا۔ اس بار محض درجنوں درخواستیں دیہاتیوں نے سابق وزیر اعلیٰ کو سونپی ہیں۔
موصول درخواستوں کے ازالے کے لیے نتیش کمار نے ضلع عہدیدار کندن کمار کو جانچ کرنے کی ہدایت دی۔اس دوران ان کے ساتھ دیہی ترقی کے وزیر شروان کمار، نالندہ کے رکن پارلیمان کوشلیندر کمار اور ضلع کے تمام عوامی نمائندے بھی موجود رہے۔ اسی دوران نتیش کمار زندہ باد کے نعرے لگے۔ اور سائلوں کی فریاد بھی سنی۔
ہرناوت کے سابق رکن اسمبلی انجینئر سنیل کمار نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کا یہ دورہ مکمل طور پر نجی اور خاندانی تھا، لیکن گاؤں والوں اور حامیوں کی محبت کو دیکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے کی طرح اس بار بھی نتیش کمار نے اپنے کردار کو پیش کیا۔ان کی آمد کے پیش نظر کلیان بیگھا گاؤں میں سیکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے تھے۔ اور پورے گاؤں کو محرابی دروازوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ نتیش کمار کے بیٹے وزیر صحت نشانت کمار تقریباً ایک گھنٹے تک کلیان بیگھا گاؤں میں واقع اپنے مکان میں رکے۔ اور مقامی کارکنوں سے ملاقات کی۔
وہیں موقع پر استھاواں کے رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر کمار، اسلام پور کے رکن اسمبلی روشن رنجن، رکن اسمبلی کے بیٹے و جے ڈی یو ضلع نائب صدر انیل سنگھ، جے ڈی یو بلاک صدر روی کانت کمار، جے ڈی یو کارکن ککّو سنگھ، انجینئر روی شنکر، سنتوش کمار سنگھ، روہت سنگھ، کشیشور سنگھ، سونو کمار، اروند سنگھ، منا جی، ہرناوت نگر پنچایت کے چیف کونسلر نمائندہ دھیرج کمار عرف پلّو سنگھ، ہرناوت تجارت منڈل صدر دلیپ سنگھ، صدر ڈی ایس پی 2 سنجے کمار جیسوال، بہار شریف ڈی ایس پی نورالحق، ہرناوت تھانہ انچارج مکیش کمار ورما، کلیان بیگھا تھانہ انچارج نشا کماری، بی ڈی او ڈاکٹر پنکج کمار، سی او پوجا کماری، ایگزیکٹو آفیسر سوربھ سمن، میڈیکل انچارج ڈاکٹر راجیو رنجن سنہا، ڈاکٹر راکیش کمار، نوین کمار، سورج کمار سمیت سینکڑوں لوگ موجود تھے۔