بہار
چھپرہ کے ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال ایوارڈ سے سرفراز
(پی این این)
چھپرہ :اتوار کا دن سارن ضلع کے لیے کامیابیوں،اعزازات اور فخر سے بھرا ہوا تھا۔سارن ضلع نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی رہنمائی میں منعقدہ ریاستی سطح کے بہترین انتخابی طرز عمل ایوارڈ-2025 میں اپنی مضبوط اور موثر شرکت کا اندراج کرکے ریاستی سطح پر ایک خاص پہچان حاصل کی۔16ویں قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر پٹنہ میں ایریگیشن بلڈنگ کمپلیکس کے کنونشن ہال میں منعقدہ شاندار تقریب میں ضلع کے تین انتظامی افسران اور ایک ٹیچر کو ان کے شاندار اور قابل ستائش کام کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں بہار کے چیف سکریٹری پرتیئے امرت نے سارن کے اس وقت کے ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر یتیندر کمار پال کو بہترین ریٹرننگ آفیسر کے ایوارڈ سے نوازا۔ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال کو ان کے موثر انتظام اور موثر کوآرڈینیشن پر بہترین ڈپٹی الیکشن آفیسر کے اعزاز سے نوازا۔اس کے علاوہ مانجھی اسمبلی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر اور صدر ڈی سی ایل آر آلوک راج کو بھی انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد کے لیے بہترین اے ای آر او کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ساتھ ہی تریاں بلاک کے ٹیچر اجے کمار ساہ کو بی ایل او کے طور پر شاندار کام کے لیے بہترین بوتھ لیول آفیسر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ ضلع میں ہونے والے انتخابات کے دوران منصفانہ،پرامن اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے پر دیا گیا۔انتخابی کاموں میں آئی ٹی پر مبنی ایجادات،مضبوط سیکورٹی انتظام،منظم انتظامی نظام اور وسیع ووٹر بیداری مہم کے کامیاب نفاذ نے سارن ضلع کو ریاست میں ایک مثالی ضلع کے طور پر قائم کیا ہے۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ڈپٹی الیکشن آفیسر جناب اقبال نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ٹیم سارن کی اجتماعی محنت،لگن اور بہترین کوآرڈینیشن کا نتیجہ ہے۔
بہار
پی ایم آواس اسکیم کے مستحقین کا جاب کارڈ بنانے کو لیکر کیمپ کا انعقاد
(پی این این)
حاجی پور:بہار کےحاجی پورضلع کے راجا پاکر بلاک علاقہ واقع جنوبی پنچایت میں پردھان منتری آواس یوجنا کے مستحقین کے لیے جاب کارڈ کیمپ کا انعقاد راجاپاکر جنوبی پنچایت کے پنچایت بھون احاطے میں پردھان منتری آواس یوجنا کے منتخب مستحقین کے لیے منریگا کے تحت جاب کارڈ بنانے کی غرض سے ایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں درجنوں خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے اور جاب کارڈ بنوانے کے لیے خاصی بھیڑ دیکھی گئی۔
اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے آواس سہایک دھرمیندر کمار نے بتایا کہ جن افراد کا نام پردھان منتری آواس یوجنا کی منتخب فہرست میں شامل ہے، ان کے لیے منریگا کے تحت جاب کارڈ بنوانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جاب کارڈ نہیں بنایا گیا تو مکان کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مزدوری کی رقم سے مستحقین محروم رہ جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیمپ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام اہل افراد کو سرکاری اسکیموں کا پورا فائدہ مل سکے۔ کیمپ کے دوران آواس سہایک دھرمیندر کمار، منریگا کے کمپیوٹر آپریٹر روی کمار، ڈی ایف ڈی نتیش کمار، پی آر ایس سنیل کمار، مکھیا پرمیلا دیوی، نائب مکھیا کماری سنجو رانی اور نتھونی پرساد سنگھ سمیت دیگر افراد نے لوگوں کو بیدار کیا اور انہیں کیمپ میں لا کر جاب کارڈ بنانے میں تعاون کیا۔
نتھونی پرساد سنگھ نے بتایا کہ آج کے کیمپ کے بعد بھی اگر کوئی مستحق رہ جاتا ہے تو منریگا اہلکار اور آواس سہایک گھر گھر جا کر ان کا جاب کارڈ تیار کریں گے، تاکہ کوئی بھی شخص سرکاری مزدوری کی رقم سے محروم نہ ہو۔ جاب کارڈ بنانے کے لیے ضروری دستاویزات میں آدھار کارڈ، بینک پاس بک اور ایک عدد پاسپورٹ سائز تصویر شامل ہے، جو رجسٹریشن کے وقت جمع کی جائے گی۔ واضح رہے کہ راجاپاکر جنوبی پنچایت میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت کل 1608 مستحقین شامل ہیں، جن میں تمام طبقات کے افراد شامل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ سبھی مستحقین کو بروقت جاب کارڈ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں اسکیم کا مکمل فائدہ مل سکے۔
بہار
وندے ماترم کی لازمیت مذہبی اور شخصی آزادی کے خلاف :امیر شریعت
(پی این این)
پھلواری شریف:امیر شریعت بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی نےکہاکہ نظم وندے ماترم کی اصل روح دیوی ،درگاہ کی حمد وثناء پر مبنی ہے ، اس کو لازمی قرار دینا مذھبی اور شخصی آزدی کے قطعی خلاف ہے۔انہوں نےمزید فرما یاکہ ملک آئین ودستور سے چلے گا کیونکہ دستور کے معماروں نے ملک کے دستور کو سیکولر ڈھانچہ میں تشکیل دیا ہے ، جس میں تمام مذاہب وادیان کو مذہبی آزادی حاصل ہے ، یہاں کے تمام باشندے اپنے مذہب وعقیدے پر آزادانہ طریقہ پر عمل کرتے ہیں جو ان کے بنیادی حقوق کا حصہ ہے اور وندے ماترم گیت میں دیوی دیوتا ؤں کو ماں تصور کرنے کا نظریہ پیش کیا گیا ہے ، ماضی میں بھی یہ قضیہ کھڑا ہواتھا ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے واضح کردیا تھا کہ یہ ترانہ اپنے مخصوص تہذیب میں روایت سے وابستہ ہے ، اس کو ملکی وحدت قرار دینے سے مشکلات پیداہوں گی ، تحریک آزادی کے قائد اور ملک کےپہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزادؒ نے کہا کہ اس طرح کے ترانوں سے قومی یکجہتی میں شگاف پیدا ہوسکتا ہے ، بالآخر یہ مسلمانوں کے ایمان وعقیدے کے منافی ہے جس کو ہم کسی طرح تسلیم نہیں کریں گے ، کیوں کہ مذہبی آزادی ہمارا بنیادی حق ہے ۔
ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سعیدا لرحمن قاسمی نےکہاکہ ملکی عدالتوں نے اس ترانے کو سیکولر اقدار کے منافی قرارد یا ہے، اس کے باجود مرکزی حکومت کا وندے ماترم گانے پر اصرارکرنا دستور وآئین اورعدالتی فیصلوں کے قطعی خلاف ہے، اس سے ملک میں یکجہتی قائم نہیں رہ سکتی ہے ، لہٰذا ملکی وحدت وسالمیت کے پیش نظر حکومت اپنے نوٹیفیکیشن کو واپس لے تاکہ ملک میں جمہوری اقدار قائم رہیں ، انہوں نے مزید فرمایاکہ اس ملک کو بنانے وسنوارنےاورانگریزوں کے تسلط سے آزاد کرانے میں مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، ہزاروں کی تعدا د میں مسلمان شہید ہوئے ، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں ، ان کی سرفروشانہ کوششوں کے نتیجہ میں ملک آزاد ہوا،اور یہ ملک گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ قرار پایا اور تمام مذاہب وادیان کا خیال رکھتے ہوئے دستور بنایا گیا،لہذا ان پر کوئی ایسے نامناسب کلمات وگیت کو قومی ترانہ کا نام دے کر پڑھنے پر مجبور کرنا کسی طرح بھی قبول نہیں ہے ۔ اس لیے ہمار امرکزی حکومت سے مطالبہ ہے کہ فورا ًاس نوٹیفیکیشن کو واپس لے تاکہ ملک میں امن وامان قائم رہے اور محبت وبھائی چارگی کی فضا ہموار ہو۔
بہار
امیرِ شریعت کے ہاتھوں متعدد اہم کتابوں کا شاندار رسمِ اجرا
(پی این این)
پٹنہ:امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اجلاسِ مجلسِ شوریٰ کے موقع پر ایک یادگار اور علمی اہمیت کی حامل نشست میں امیرِ شریعت مفکرِ ملت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے دستِ مبارک سے متعدد قیمتی اور علمی کتابوں کا باوقار رسمِ اجرا انجام پایا۔
اس موقع پر معروف عالمِ دین، صاحبِ قلم اور معہد عائشہ الصدیقہ خاتوپور بیگوسرائے کے بانی وناظم مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی کی دو اہم تصانیف کی رونمائی عمل میں آئی۔ پہلی کتاب “افکارِ ولی” ہے، جو امیرِ شریعت سابع مولانا محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ تعالیٰ کے افکاروالفاظ، سیرت و کردار، منہج و اولیات اور دینی و سماجی خدمات پر مبنی تحقیقی اور فکری مضامین کا ایک نہایت گراں قدر اور بصیرت افروز مجموعہ ہے۔ کتاب امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی ،مفتی محمد خالد حسین نیموی اور پرفیسر ڈاکٹر شکیل احمد قاسمی کے کلمات عالیہ سے مزین ہے جس میں مؤلف کی کاوش اور امیر شریعت سابع سے غیر معمولی عقیدت ومحبت کو سراہا گیا ہے۔ یہ کتاب دینی قیادت، فکری رہنمائی اور ملت کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔اس کتاب میں رحمانی کے روشن افکار اور ادھورے خواب کو بھی تفصیل سے بیان کیا گیا۔
اسی طرح دوسری کتاب “تذکرۂ مشفقِ ملت” ہے، جو سابق رکنِ شوریٰ امارتِ شرعیہ اور بیگو سرائے کی عظیم دینی وملی شخصیت مولانا محمدشفیق عالم قاسمی کی حیات، علمی خدمات، ملی جدوجہد اور دینی و سماجی کارناموں پر مشتمل ایک جامع اور مؤثر تذکرہ ہے۔ یہ کتاب اہلِ علم اور نئی نسل کے لیے ایک قیمتی تاریخی و اخلاقی سرمایہ ہے۔ اس کتاب کی تصنیف کے ذریعےمصنف نے مشفق ملت پر آنے والے دنوں میں کام کرنے والوں کے لئے مضبوط متن تیار کردیا ہے جس سے استفادہ کیا جاتا رہے گا ۔ اس تقریب میں ایک اور اہم تصنیف “حی علی الفلاح” کا بھی رسمِ اجرا ہوا، جو مفتی محفوظ الرحمن قاسمی (صدر مفتی و مہتمم جامعہ عربیہ سراج العلوم) کے علمی و اصلاحی افادات کو مرتب کر کے شائع کی گئی ہے۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین قاری محمد حیدر نے انجام دی ہے۔ یہ تصنیف دینی تربیت، فکری رہنمائی اور روحانی اصلاح کے حوالے سے نہایت مفید اور مؤثر کاوش ہے۔
امیرِ شریعت دامت برکاتہم نے اس موقع پر مصنفین، مرتبین اور معاونین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ علمی و فکری سرمایہ امت کی امانت ہے، اور ایسی تصانیف آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی، بصیرت اور اصلاح کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے اہلِ علم کو تحقیق، تصنیف اور دینی خدمات کے میدان میں مزید سرگرم رہنے کی تلقین فرمائی۔اجلاس میں شریک مجلسِ شوریٰ کے معزز اراکین، علما، دانشوران اور مہمانانِ خصوصی نے ان کتابوں کو ملت کے لیے ایک اہم علمی سرمایہ قرار دیا اور امارتِ شرعیہ کی علمی و فکری خدمات کو سراہتے ہوئے مصنفین کو مبار بادی بھی پیش کی ۔اس اہم پروگرامز میں ان قیمتی علمی دستاویزوں کی رونمائی نہ صرف ایک خوش آئند پیش رفت ثابت ہوئی بلکہ ملتِ اسلامیہ کے فکری و دینی تسلسل کو مضبوط کرنے کی ایک اہم کڑی بھی سامنے آئی۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار9 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
دلی این سی آر1 year agoکجریوال کاپجاری اور گرنتھی سمان اسکیم کا اعلان
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
بہار3 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
