بہار
چھپرہ تک توسیع کی گئی وارانسی۔احمد آباد سابرمتی ایکسپریس
(پی این این)
چھپرہ :وارانسی سیٹی سے احمد آباد تک چلنے والی سابرمتی ایکسپریس اب چھپرہ جنکشن تک چلے گی۔ایم پی راجیو پرتاپ روڈی آئندہ تین اکتوبر کو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔اس سے سارن کے لوگوں کو احمد آباد کے روزانہ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ایم پی،سابق مرکزی وزیر و سانگا یاترا کے معمار مسٹر روڈی نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کی طرف سے سارن اور بہار کے لوگوں کو دسہرہ کا حقیقی تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھپرہ جنکشن شمالی بہار کا ایک بڑا ریلوے جنکشن ہے جو اتر پردیش،دہلی،گجرات،مہاراشٹر اور شمال مشرقی ہندوستان سے براہ راست رابطہ فراہم کرتا ہے۔اس توسیع سے نہ صرف لاکھوں مسافروں کو چھپرہ سے احمد آباد اور گجرات سے جوڑنے میں مدد ملے گی بلکہ تجارت،صنعت اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ ملے گا۔اس کے علاوہ بہار اور گجرات کے درمیان فاصلے مزید کم ہوں گے اور تجارتی اور ثقافتی رشتے مضبوط ہوں گے۔یہ ٹرین پہلے احمد آباد اور دربھنگہ کے درمیان ہفتے میں تین دن مظفر پور،حاجی پور،سونپور اور چھپرہ کے راستے چلتی تھی۔باقی چار دن وارانسی سیٹی سے روانہ ہوتی تھی۔مزید برآں چھپرہ سے سابرمتی ایکسپریس ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہوگی۔
غور طلب ہے کہ ایم پی روڈی نے وزیر ریلوے کو ٹرین کو توسیع دینے کی تجویز پیش کی تھی۔اس سے قبل انہوں نے اپنی کاوشوں سے نیاگاؤں میں سیالدہ۔بلیا ایکسپریس،اوتار نگر اور نیاگاؤں میں لچھوی ایکسپریس،باگھ اکسپرس،سونپور میں موریہ ایکسپریس،کولکاتہ۔اعظم گڑھ ایکسپریس،رکسول۔آنند وہار ایکسپریس،جے پور کولکاتا۔سارپور ایکسپریس،پوروانچل ایکسپریس،برونی۔گوندیا ایکسپریس،جے نگر۔پٹنہ انٹرسٹی ایکسپریس،کشن گنج۔اجمیر ایکسپریس اور سورت۔مظفر پور ایکسپریس کا ٹھراؤ ممکن کرایا تھا۔