بہار
مسلم اکثریتی علاقوں میں ہائر سیکنڈری اسکولوں میں اتوار کی تعطیل نافذ، جمعہ کی چھٹی ختم کرنے پر طلبا و والدین برہم
جالے: مسلم اکثریتی علاقوں میں قائم اردو مڈل اسکولوں کے کیمپس میں چل رہے ترقی یافتہ ہائر سیکنڈری اسکولوں میں اتوار کی تعطیل نافذ کرنے اور جمعہ کی ہفتہ واری تعطیل ختم کرنے کے حالیہ فیصلے نے شدید تنازع کھڑا کردیا ہے۔ والدین اور مقامی عوام کے ساتھ طلبہ نے بھی اس فیصلے پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے اسکول جانے سے انکار کردیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ کئی علاقوں میں بچے جمعہ کے اہتمام اور مذہبی ضرورت کے پیش نظر اسکول نہ پہنچ کر احتجاج درج کرا رہے ہیں، جس سے ماحول غصے اور بےچینی میں ڈوبا ہوا ہے۔
اس تنازع کی بڑی وجہ ضلع تعلیمی افسران کے وہ خط ہیں جن میں ایک ہی کیمپس میں چلنے والے اردو اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے لیے مختلف تعطیل کے احکامات دیے گئے ہیں۔ سیتامڑھی کے ڈی ای او نے اپنے مکتوب نمبر 2376 مورخہ 27 اگست 2025 کے ذریعے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ اردو اسکول جمعہ کو بند رہیں گے لیکن اسی عمارت میں چلنے والے ہائر سیکنڈری اسکول کھلے رہیں گے۔ اسی طرح شیوہر کے ڈی ای او نے بھی مکتوب نمبر 786 مورخہ 4 ستمبر 2025 کے تحت یہی ہدایت دی ہے۔
اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر قمر مصباحی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر تعلیم سنیل کمار کو ایک میل بھیج کرکے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہائر سیکنڈری اسکول اردو مڈل اسکول کی ہی عمارت یا کیمپس میں چل رہا ہے تو ہفتہ واری تعطیل بھی یکساں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اردو اسکولوں میں جمعہ کو چھٹی کی روایت برقرار رہی ہے، مگر حالیہ دنوں سیتامڑھی اور شیوہر کے ضلع تعلیمی افسران کے حکم ناموں نے عوامی سطح پر اضطراب پیدا کردیا ہے۔
قمر مصباحی نے اس فیصلے کو اردو آبادی کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست بھر کے تمام ضلع تعلیمی افسران کو ہدایت نامہ جاری کیا جائے تاکہ اردو مڈل اسکولوں کے ساتھ چلنے والے ہائر سیکنڈری اسکول بھی جمعہ کو بند اور اتوار کو کھلے رہیں۔ ان کے مطابق جمعہ کا اہتمام صرف چھٹی نہیں بلکہ مذہبی اور سماجی طور پر ایک اہمیت رکھتا ہے، اور اس روایت کو توڑنا مسلم عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
غور طلب ہو کہ عوامی سطح پر اس مسئلے نے احتجاجی صورت اختیار کر لی ہے اور اگر حکومت نے بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ معاملہ بڑے عوامی غصے میں بدل سکتا ہے۔