دلی این سی آر
دریا گنج میں گری3منزلہ عمارت،3افراد ہلاک
(پی این این)
نئی دہلی :دہلی کے دریا گنج علاقے میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جب ایک تین منزلہ عمارت اچانک گر گئی۔ اس خوفناک حادثے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ سدبھاونا پارک کے قریب پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ کئی لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
معلومات کے مطابق،12 بجے دہلی فائر سرویس کے کنٹرول روم پر کال آئی، جس میں بتایا گیا کہ دریا گنج میں ایک عمارت گر گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ایک پرانی عمارت جس میں گراؤنڈ فلور کے ساتھ دو بالائی منزلیں تھیں، مکمل طور پر ملبے میں تبدیل ہو چکی تھی۔ آس پاس کے لوگ صدمے میں تھے اور ملبے سے چیخ و پکار سنائی دی۔
فائر فائٹرز نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے جے سی بی مشینوں اور دیگر آلات کا استعمال کیا گیا۔ ڈی ایف ایس کے ایک اہلکار نے کہا، ‘ہماری ٹیم نے تیزی سے کام شروع کیا اور تین لوگوں کو ملبے سے نکالا گیا۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، علاج کے دوران تینوں کی موت ہوگئی۔’ ملبے میں اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔