بہار
سردار اور مسلمان دہشت گرد،بھارت چھوڑو!
یومِ آزادی پر دربھنگہ میں شرپسندی، اشتعال انگیز پوسٹر اور کارڈ بورڈ ضبط،پولیس و مقامی افراد کی مستعدی سے امن قائم، ملزم گرفتار
(پی این این)
جالے:جب پورا ملک 15 اگست کو آزادی کا جشن منا رہا تھا، قومی یکجہتی، امن اور ترقی کے عہد و پیمان باندھ رہا تھا، اُسی وقت سنگھواڑہ تھانہ علاقہ میں شرپسند عناصر نے نفرت اور منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔ سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے بھرواڑہ نگر پنچایت کے رضا چوک پر ایسے اشتعال انگیز پوسٹر اور کارڈ بورڈ برآمد ہوئے جن پر مسلمانوں اور سکھوں کے خلاف زہر آلود اور توہین آمیز نعرے درج تھے۔ ان کارڈ بورڈ پر لکھا تھا: سردار اور مسلمان بھارت چھوڑو، سردار اور مسلمان ملک کے دہشت گرد ہیں، بھارت میں اذان بند ہو، بقرعید کے نام پر گائے کاٹا جاتا ہے اور دیگر مذہب مخالف تحریریں، جنہیں دیکھ کر مقامی لوگ سکتے میں آگئے۔
یومِ آزادی کے موقع پر جہاں بچے ترنگا تھامے اسکول جا رہے تھے، نوجوان پرچم لگا کر ریلیاں نکال رہے تھے، گھروں اور دکانوں پر قومی پرچم لہرائے جا رہے تھے، وہیں اچانک رضا چوک پر یہ منافرت آمیز پوسٹر دیکھ کر ماحول مکدر ہو گیا۔ مشتعل بھیڑ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج بسنت کمار پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے، تمام پوسٹر اور کارڈ بورڈ ضبط کر لیے گئے اور نستہ پنچایت کے ردھیا کٹی ( بھجورہ) گاؤں کے باشندہ لَلن چوپال (28) کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے پاس سے آدھا درجن قابلِ اعتراض کارڈ بورڈ بھی برآمد ہوئے۔ پولیس نے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا، جس میں بھروارہ قاضی محلہ کے باشندہ زمان اللہ زخمی ہو گیا، جس کا علاج سنگھواڑہ اسپتال میں کرایا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دربھنگہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جگوناتھ ریڈی جلا ریڈی کے حکم پر مختلف تھانوں کی پولیس بھروارہ پہنچ گئی اور علاقے میں فلیگ مارچ نکال کر ماحول کو قابو میں کیا۔ موقع پر نگر پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار، ایس ڈی پی او صدر ٹو شوبھیندر سمن، پولیس انسپکٹر سریش رام، صدر تھانہ انچارج منوج کمار اور سمری تھانہ انچارج اروند کمار پولیس فورس کے ساتھ تعینات رہے۔
ادھر واقعہ کی خبر ملتے ہی راجد کے صوبائی ترجمان و سابق ایم ایل اے رشی مشرا، انصاف منچ کے نائب صدر نیّاز احمد، بلاک نائب پرمکھ ساجد مظفر ببلو ، امن کمیٹی کے رکن امجد عباس، ستار خان، ارشاد عالم، اظہار عالم منا، شَنبھو ٹھاکر، معراج علی،کانگریس لیڈر سید تنویر احمد، احمد علی تمنا اور صلاح الدین بھی رضا چوک پہنچے اور دونوں فریقوں سے صبر و تحمل کی اپیل کی۔ رشی مشرا نے کہا کہ سنگھواڑہ جیسے علاقے میں آج تک کبھی اس طرح کی شرپسندی نہیں ہوئی، یہ فرقہ پرست طاقتوں کی کارستانی ہے جو معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔
مقامی مسجد کے امام بارک حسن انصاری نے کہا کہ یہاں کبھی ایسا ماحول نہیں رہا، نہ جانے کون یہ حرکت کر رہا ہے اور اس کا مقصد کیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور بااثر شخصیات نے بھی واقعہ کے بعد میٹنگ کر کے مشترکہ طور پر اس ناپاک کوشش کی مذمت کی اور کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ہندو اور مسلمان کو بانٹنے کی کوشش کس کے فائدے اور کس کے نقصان میں ہے؟ بہار میں انتخابی ماحول کے بیچ یہ واقعہ محض اتفاق ہے یا کسی بڑی سازش کا حصہ، یہ سمجھنا ہر امن پسند شہری کی ذمہ داری ہے۔ عوام نے عزم کیا کہ باہمی اتحاد و بھائی چارے کے ساتھ فرقہ پرست طاقتوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
Bihar
ذات دیکھ کر انکاؤنٹر کرا رہے ہیں سمراٹ چودھری، تیجسوی یادو کا بہار حکومت پرالزام،عصمت دری کے مجرموں کا کب ہوگاانکاؤنٹر؟وزیراعلیٰ سے آرجے ڈی لیڈر کا سوال
(پی این این)
پٹنہ:بہار اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے لیڈر اور آر جے ڈی کے سربراہ تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری ذات پات کی بنیاد پر انکاؤنٹر کرا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ خواتین کے ساتھ عصمت دری کرنے والے درندہ صفت مجرموں کا انکاؤنٹر آخر کب ہوگا؟راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کارگزار صدر تیجسوی یادو نے کہا کہ سمراٹ چودھری کی قیادت میں این ڈی اے کی نئی حکومت بننے کے بعد بہار میں جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ روزانہ خواتین اور بچیوں کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیش آنے والے متعدد واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
تیجسوی یادو نے منگل کو پٹنہ واقع آر جے ڈی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہار میں خواتین کی سلامتی پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سمراٹ چودھری کی حکومت بنے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور محکمۂ داخلہ خود وزیر اعلیٰ کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے بڑے دعوے کرتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ سمراٹ حکومت کے دور میں خواتین کے خلاف جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مجرم خواتین پر قہر بن کر ٹوٹ رہے ہیں اور سمراٹ حکومت پوری طرح ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں اور شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب ماؤں، بہنوں اور بچیوں کے خلاف جرم کا کوئی واقعہ سامنے نہ آتا ہو۔تیجسوی یادو نے کہا کہ اجتماعی عصمت دری اور ریپ کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حکومت میں شامل کئی وزراء ایسے ہیں جن کے خلاف فوجداری مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔
تیجسوی یادو نے سمراٹ چودھری کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے بعد ایک ماہ کے دوران، یعنی 15 اپریل سے 15 مئی کے درمیان، بہار کے مختلف اضلاع میں خواتین اور بچیوں کے ساتھ پیش آئے عصمت دری، اغوا اور قتل کے واقعات کا ذکر کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں قانون و انتظام کی صورتحال پوری طرح تباہ ہو چکی ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ انہوں نے صرف خواتین کے خلاف پیش آنے والے جرائم کا ہی تذکرہ کیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ بھی قتل، لوٹ مار اور اغوا کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے الزام عائد کیا کہ بہار میں ذات پات دیکھ کر انکاؤنٹر کیے جا رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ سے سوال کرتے ہوئے کہا،“کیا سمراٹ چودھری مخصوص ذات کو دیکھ کر انکاؤنٹر کرا رہے ہیں؟ جن واقعات کا ہم نے ذکر کیا ہے، ان کے مجرموں کا انکاؤنٹر کب ہوگا؟ بالیکا گرہ کانڈ کے ملزم جنہیں یہ لوگ اپنا رہنما بنائے ہوئے ہیں، ان کا انکاؤنٹر کب کیا جائے گا؟ آپ دُشکرم کرنے والوں کی ذات بھی دیکھیے اور جن کے ساتھ ظلم ہوا اُن کی ذات بھی دیکھیے۔ آخر خواتین کو انصاف کب ملے گا؟”
تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کی 65 فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’جیویکا دیدی‘‘ کو رسوئی گیس سلنڈر ملنا بند ہو گیا ہے اور خواتین کو مناسب غذائیت بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے بہار اسمبلی انتخابات سے قبل دو کروڑ خواتین کو 10-10 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ تیجسوی نے سوال اٹھایا کہ آخر اس اسکیم کی دوسری قسط کب جاری کی جائے گی؟
آر جے ڈی لیڈر نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بہار میں این ڈی اے حکومت بنے چھ ماہ گزر چکے ہیں، لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو کوئی خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت 71 ہزار کروڑ روپے کا قرض لینے کی تیاری کر رہی ہے۔تیجسوی یادو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ موجودہ حکومت صرف ریل بنانے اور فوٹو شوٹ کرانے میں مصروف ہے۔
Bihar
تمام سرکاری ملازمین ایمانداری سے کریں کام،نائب وزیراعلیٰ وجے کمار چودھری نومنتخب افسران کو لگن اور پختہ عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں اداکرنے کی دیں ہدایات
(پی این این)
پٹنہ:بہار حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر وسائل آب وجے کمار چودھری نے کہا کہ محکمہ وسائل آب کسانوں اور عام لوگوں سے براہ راست جڑا ہوا محکمہ ہے، اس لیے تمام نومنتخب ملازمین کو پوری ایمانداری، لگن اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا چاہیے۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر چودھری نے آج سنچائی بھون میں واقع محکمہ وسائل آب کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں 15 امیدواروں کو تقرری خطوط سونپے۔ ان میں چھ نومنتخب اسسٹنٹ انجینئر، ہمدردی کی بنیاد پر چھ لوئر ڈویژن کلرک (ایل ڈی سی) اور تین آفس اٹینڈنٹ شامل ہیں۔
مسٹر چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام نومنتخب ملازمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اب وہ محکمہ وسائل آب کے خاندان کا اٹوٹ حصہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بنیادی طور پر دیہی علاقوں میں کام کرتا ہے اور کسانوں اور عام لوگوں کو آبپاشی اور سیلاب سے تحفظ جیسی اہم خدمات فراہم کرتا ہے۔ ایسے میں تمام ملازمین کو پوری ایمانداری، لگن اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علاقے میں کام کرنے والے افسران اور ملازمین کی سرگرمی اور کارکردگی سے ہی محکمے کا امیج مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے نومنتخب اسسٹنٹ انجینئروں سے باقاعدگی سے جائے وقوع کا معائنہ کرنے اور منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں سرگرم رول ادا کرنے کی اپیل کی۔
Bihar
سیتامڑھی:ضلع سطحی تقریری مقابلہ آج، طلبہ و طالبات کریں گے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ
(پی این این)
سیتامڑھی:ضلع اردو زبان سیل سیتامڑھی کے زیرِ اہتمام اردو بولنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ریاستی منصوبہ 2025-26 کے تحت آج 21 مئی 2026 بروز جمعرات ضلع سطحی تقریر و مباحثہ مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام کلکٹریٹ سیتامڑھی کے پریچرچا بھون میں صبح 10:30 بجے سے شروع ہوگا۔
ضلع اردو زبان سیل کے انچارج شفی احمد نے بتایا کہ پروگرام کا افتتاح ضلع مجسٹریٹ سیتامڑھی کریں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر، ایڈیشنل کلکٹر، ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر، ضلع رابطہ عامہ افسر سمیت کئی اعلیٰ انتظامی اور سماجی شخصیات موجود رہیں گی۔ پروگرام کی صدارت کملا بالیکا ہائر سیکنڈری اسکول سیتامڑھی کے پرنسپل ڈاکٹر محمد قمرالہدیٰ کریں گے۔
پروگرام کا آغاز ابتدائی خطاب اور نظامت سے ہوگا، جس کے بعد مہمانوں کا استقبال، شمع روشن کرنے کی تقریب، استقبالیہ نغمہ، تعارفی خطاب اور غزل پیش کی جائے گی۔ اس کے بعد مختلف زمروں میں طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے منعقد ہوں گے۔ میٹرک اور اس کے مساوی درجے کے طلبہ کیلئے “تعلیم کی اہمیت” اور “کتابیں ہماری بہترین دوست ہیں” جیسے موضوعات مقرر کیے گئے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ سطح کے لیے “خواتین کی تعلیم اور خودمختاری” اور “آزادی کی جدوجہد میں اردو صحافت کا کردار” جبکہ گریجویشن سطح کے لیے “اردو ادب میں خواتین کا حصہ” اور “اردو اور ہندی کا دوستانہ رشتہ” جیسے اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔
مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈل اور تعریفی اسناد دے کر اعزاز سے نوازا جائے گا۔ پروگرام شام 5 بجے شکریہ کے کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ ضلع اردو زبان سیل نے ضلع بھر کے اردو بولنے والے طلبہ و طالبات سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنی ادبی اور لسانی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔ یہ پروگرام نہ صرف طلبہ کی تقریری اور فکری صلاحیتوں کو فروغ دے گا بلکہ اردو زبان و ادب کے تئیں نئی نسل میں دلچسپی اور بیداری پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار6 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار12 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
دلی این سی آر9 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
