بہار
بہارکانگریس صدر راجیش رام نے پلوامہ کے شہید سپاہیوں کے اہل خانہ کوسونپا ایک ایک لاکھ روپے کا چیک
(پی این این)
پٹنہ ـ:بہار پردیش کانگریس صدر راجیش رام، آل انڈیا ایکس سروس مین کانگریس کے قومی چیئرمین روہت چودھری اور کانگریس ودھان منڈل دل کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے آج پٹنہ کے صداقت آشرم میں واقع ریاستی کانگریس دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شہید فوجیوں کے تئیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پلوامہ میں شہید ہونے والے سپاہیوں کے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔ یہ مالی امداد آل انڈیا کانگریس کمیٹی اور بہار کانگریس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی پہل پر دی گئی۔ اس موقع پر شہید امتیاز علی اور رام بابو سنگھ کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔
آل انڈیا ایکس سروس مین کانگریس کے قومی چیئرمین روہت چودھری نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت فوج کا سیاسی استعمال کر رہی ہے اور فوجیوں کی شہادت کو چھپا کر سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ’’آپریشن سندور‘‘سے پہلے دہشت گرد حملے میں 26 لوگ شہید ہوئے لیکن انٹیلی جنس مکمل طور پر ناکام رہا، جو ملک کے لیے شرمناک بات ہے۔ راہل گاندھی نے فوراً اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کر کے شہیدوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ملاقات کی، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اگلے ہی دن بہار میں انتخابی ریلی میں مصروف ہو گئے اور شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی زحمت تک نہ اٹھائی۔
روہت چودھری نے مزید کہا کہ جب ہماری فوج سرحد پر برتری حاصل کر رہی تھی، تب حکومت نے ان کے ہاتھ باندھ دیے اور جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ تو کسی کی ذمہ داری طے کی، نہ ہی کوئی کارروائی کی۔ یہاں تک کہ آپریشن سندور میں شہید ہونے والے 10 سپاہیوں کے بارے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں ان کی شہادت سے انکار کیا اور جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت دیش بھکت نہیں بلکہ دیش کو کمزور کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
انہوں نے بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے پوچھیں کہ ہمارے سپاہیوں کی شہادت کو کیوں چھپایا جا رہا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے وعدہ کیا کہ بہار میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی تمام شہیدوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے اور سرکاری نوکری دی جائے گی۔ سابق فوجیوں کے لیے کرناٹک کی طرز پر ایک کارپوریشن کا قیام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 لاکھ سابق فوجی ہیں لیکن مرکزی نوکریوں میں 7.70 لاکھ آسامیاں خالی ہیں، اور بہار کے سابق فوجی آج پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے “اگنی ویر یوجنا” کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ریاستی کانگریس صدر راجیش رام نے کہا کہ بہار کانگریس، ایکس سروس مین کانگریس کے تمام مطالبات کو تسلیم کرتی ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے منشور میں ان مطالبات کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی نے بہار کے شہید سپاہیوں کے اہل خانہ کو تعزیتی پیغام بھی بھیجا ہے، اور یہ چھوٹی سی امداد کانگریس پارٹی کی جانب سے ان کے ساتھ یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے 40 فوجیوں کے اہل خانہ کو دہلی اپنے گھر بلا کر اعزاز دیا، جن میں بہار کے دو سپاہی بھی شامل تھے جنہیں آج ایک ایک لاکھ روپے دیے گئے کیونکہ اس وقت مرکزی حکومت نے کانگریس کے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے تھے۔
ودھان منڈل دل کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی سپاہیوں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی، اور نہ ہی آر ایس ایس نے کبھی ملک کی آزادی، حفاظت یا سیکورٹی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا تاریخی کردار ملک کے جانبازوں کی قربانیوں کے خلاف رہا ہے۔اس پریس کانفرنس اور اعزاز تقریب میں ریاستی صدر راجیش رام، قومی چیئرمین روہت چودھری، لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان، نیشنل میڈیا پینلسٹ پریم چند مشرا سمیت کئی دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔
بہار
قانون شریعت پر عمل کرنے سے معاشرہ میں قائم ہوتی ہے امن وسکون کی فضا:امیر شریعت
(پی این این )
پٹنہ :نظام قضا کا قیام امت محمدیہ کا اہم ترین فریضہ ہے جس سے امت نے کبھی غفلت نہیں برتی، اس لئے اس نظام کی اہمیت وضرورت کو دیکھتے ہوئے ہمارے اکابر واسلاف ہمیشہ اسے قائم کرنے اور اسے پھیلانے کیلئے فکرمند رہے اور اس کے لئے کوششیں بھی کرتے رہے ہیں، کیونکہ اسی سے معاشرہ میں امن وسکون کی فضا قائم ہوتی ہے، اسی لئے مدرسہ اسلامیہ عربیہ گھوری گھاٹ چترا میں دارالقضاء کی نشأۃ ثانیہ ہورہی ہے، یہ باتیں امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی نے گھوری گھاٹ کی جامع مسجد میں مسلمانوں کے ایک بڑے اجتماع میں مولانا مفتی محمد زاہد بن محمد یونس کو منصب قضا پر فائز کرتے ہوئے کہیں۔
امیر شریعت نے مولانا موصوف کو سند قضاء دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ فریقین کے باہمی جھگڑوں کا قرآن وحدیث کی روشنی میں تصفیہ کریں اور مسلمانوں کو اسلامی قوانین واحکام پر عمل آوری کا جذبہ پیدا کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ جب اللہ رب العزت ہمارا خالق ومالک ہے تو اس کی اطاعت وفرمانبرداری کرنی ہے اور رسول اللہؐ کی تعلیمات واسوہ کے مطابق زندگی گذارنی ہے۔
امیر شریعت نے مسلمانوں سے کہا کہ آپ کو ایمانی جذبے سے اللہ اور اس کے رسولؐ کی باتیں دل وجان سے تسلیم کرنا ہے اور عملی زندگی میں اس کو جاری ونافذ کرنا ہے، اس موقع پر امیر شریعت نے امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے چھٹے امیر شریعت مولانا سید نظام الدین کی عملی وفکری صلاحیتوں کا اعتراف اور امارت شرعیہ کے تئیں آپ کی خدمات اور کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بستی آپ کا مولد ومسکن بھی ہے جو آپ سب کے لئے قابل صد رشک ہے۔
اس افتتاحی مجلس کا آغاز مولانا مفتی مجیب الرحمن قاسمی کی تلاوت سے ہوا، مفتی صاحب موصوف نے تمہیدی کلمات میں امارت شرعیہ کی نگرانی میں چل رہے دارالقضاء کی تفصیل بیان کی، اجلاس کی نظامت مولانا عبد الواحد ندوی نے بحسن وخوبی انجام دی۔
بہار
سمراٹ کابینہ میں توسیع، نشانت سمیت 32 وزراء نے لیا حلف
(پی این این )
پٹنہ :بہار میں سمراٹ کی کابینہ میں توسیع کی گئی ہے۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں بی جے پی کے 15 لیڈروں، 13 جے ڈی یو لیڈروں، دو ایل جے پی (آر)، ایک ایچ اے ایم لیڈر، اور ایک آر ایل ایس پی لیڈر نے آج وزیر کے طور پر حلف لیا۔ نشانت کمار، امتھیلیش تیواری، سویتا کماری، بلو منڈل، نند کشور رام، کمار شیلیندر، اور رام چندر پرساد پہلی بار وزیر بنے۔ تقریب میں کل 32 رہنماؤں نے وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور عہدوں اور رازداری کا حلف لیا۔ نتیش کمار کی سابقہ کابینہ کے 19 امیدواروں کو 13 نئے وزراء کے ساتھ بحال کیا گیا۔
سمراٹ چودھری کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود تھے۔ پی ایم مودی کے علاوہ وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اور بی جے پی صدر نتن نوین کے علاوہ کئی دیگر وی آئی پی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پٹنہ ہوائی اڈے سے سڑک کے ذریعے گاندھی میدان پہنچے۔ راستے میں بی جے پی کارکنوں نے پی ایم مودی کی حمایت میں نعرے لگائے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ گاندھی میدان میں لگائے گئے اسٹیج پر بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی موجود تھے۔
بہار
مدارس کا استحکام ہماری ذمہ داری: ناظم امارتِ شرعیہ
(پی این این)
پٹنہ:اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی خصوصی توجہات کے نتیجے میں دارالعلوم الاسلامیہ، امارتِ شرعیہ کے اہم تعلیمی منصوبہ “رواقِ رحمانی” کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ایک مختصر مگر پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ناظم امارتِ شرعیہ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں، جہاں سے ایسے افراد تیار ہوتے ہیں جو دینی علوم میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی صحیح رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “رواقِ رحمانی” کی تعمیر طلبہ کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے طلبہ کو محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی
اس موقع پر دارالعلوم الاسلامیہ کے سکریٹری اور مرکزی دارالقضا کے نائب قاضی شریعت مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کا آغاز ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اہلِ خیر حضرات کے تعاون سے یہ عمارت جلد پایۂ تکمیل کو پہنچے گی، جس کے بعد طلبہ کو ایک معیاری اور سازگار درسگاہ میسر آئے گی اور تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔
تقریب میں دارالعلوم الاسلامیہ کے شیخ الحدیث مفتی منت اللہ قاسمی ، مہتمم مفتی یحییٰ قاسمی اور مولانا سجاد میموریل ہاسپٹل کے ذمہ دار ڈاکٹر محمد یاسر سمیت دیگر اساتذہ کرام اور طلبہ موجود تھے۔تقریب کا اختتام ناظم امارتِ شرعیہ کی رقت انگیز دعا پر ہوا، جس میں ملک و ملت کی فلاح، ادارے کی ترقی اور اس تعلیمی منصوبے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار6 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
بہار12 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر8 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
