Bihar
سب سے زیادہ GST ادا کرنے پر محمد خرم انور اعزاز سے سرفراز
(پی این این)
سیتامڑھی:ضلع میں ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ سب سے زیادہ GST ادا کرنے والے نیو بہار آٹوموبائلز اور شیوہر مہندرا ایجنسی کے پروپرائٹر محمد خرم انور کو یومِ آزادی کی تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا۔ مسلسل دوسرے سال ضلع میں سب سے زیادہ GST ادا کرنے کی نمایاں کامیابی پر وزیر انچارج شرییسی سنگھ اور ضلع مجسٹریٹ نے انہیں شال اوڑھا کر، توصیفی سند پیش کرتے ہوئے 51 ہزار روپے کا چیک بھی دیا۔
تقریب کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے محمد خرم انور کی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلسل دوسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنا نہ صرف ان کی کاروباری کامیابی بلکہ ٹیکس کی ادائیگی کے تئیں ان کی ذمہ داری اور عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ اعزاز حاصل کرنے کے بعد محمد خرم انور نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے سے ملک مضبوط ہوتا ہے اور ایمانداری کے ساتھ ٹیکس جمع کرنے سے کاروبار کا وقار بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام نے ٹیکس ادائیگی کے عمل کو آسان، شفاف اور منظم بنا دیا ہے۔ شہری اور کاروباری ذمہ داری پوری کرنے سے اطمینان بھی حاصل ہوتا ہے۔شیوہر مہندرا ایجنسی کے مالک محمد خرم انور اپنے خوش اخلاق رویے اور سماجی وابستگی کے لیے بھی معروف ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر ان کے خیر خواہوں محمد صابر عالم، منوج کمار، سریش پرساد سنگھ، دیش بندھو سنگھ، آفتاب عالم، امتیاز خان، سوربھ کمار اور پرنس راج سمیت دیگر افراد نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مسلسل دوسری بار ضلع میں GST ادائیگی میں نمبر ایک مقام حاصل کرنا محمد خرم انور کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کی یہ کامیابی دیگر تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے بھی ایمانداری کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے کی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔