uttar pradesh
اے ایم یو کے مختلف شعبوں میں عالمی بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر بیداری پروگرام اور خون عطیہ مہم کا انعقاد
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور اداروں نے عالمی بلڈ ڈونر ڈے 2026 کے موقع پر بیداری پروگراموں، حلف برداری تقریبات اور رضاکارانہ خون عطیہ کیمپوں کا اہتمام کیا۔
نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس)، اے ایم یو نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کے بلڈ اینڈ کمپونینٹس بینک کے اشتراک سے بھمولا، علی گڑھ کے اصلاح اسلامک اسکول میں ایک رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ منعقد کیا۔ اس دوران تقریباً 25 افراد نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔ این ایس ایس کے قائم مقام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالجبار نے خون عطیہ کرنے سے متعلق سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی، جبکہ بلڈ اینڈ کمپونینٹس بینک کے انچارج ڈاکٹر سہیل عباس نے طبی انتظامات کی نگرانی کی۔
جے این ایم سی کے شعبہ اناٹومی کے چیئرمین پروفیسر فضل الرحمٰن نے ہنگامی حالات اور اہم طبی کارروائیوں کے لیے خون کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر شیبا نزہت نے این ایس ایس رضاکاروں اور عملے کے تعاون سے پروگرام کو مربوط کیا۔
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ علم الامراض نے رضاکارانہ خون عطیہ کی طبی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔ شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر عطااللہ فہد کی رہنمائی میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر ندا سلطانہ نے خطبہ دیا، جس میں انہوں نے بلڈ بینکوں میں خون کی طلب و رسد کے درمیان فرق، عطیہ دہندگان کی حفاظت کے اصولوں اور خون عطیہ کرنے سے متعلق عام غلط فہمیوں پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر ایس ایم احمر اور ڈاکٹر محسن مسعود نے بھی سائنسی مباحث میں حصہ لیا۔اس موقع پر پروفیسر جمال اختر، ڈائریکٹر، یونانی سروسز، حکومت اترپردیش نے خون عطیہ کرنے کے انسانی پہلو اور جان بچانے والی اہمیت کو اجاگر کیا۔ شرکاء نے باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینے کا عہد کیا۔
شعبہ لسانیات میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے اور دوسروں کو بھی اس نیک کام میں شریک ہونے کی ترغیب دینے کا حلف لیا۔ شعبہ کے چیئرمین پروفیسر محمد جہانگیر وارثی نے حاضرین کو حلف دلایا۔ انھوں نے انسانی جانوں کے تحفظ اور صحت عامہ کے فروغ میں خون عطیہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اے ایم یو گرلز اسکول میں ’انسانیت کا ایک قطرہ: خون عطیہ کریں، زندگیاں بچائیں“ کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام پرنسپل محترمہ الکا اگروال نے محفوظ خون اور پلازما عطیات کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ طلبہ اور عملے کے اراکین نے حلف برداری تقریب اور مختلف بیداری سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔