دلی این سی آر
اسکول کا ACکے لیے فی بچہ 500 روپے لینے کا فیصلہ
نوئیڈا: اسکول ایئر کنڈیشننگ (AC) کی لاگت صرف اسکول انتظامیہ کو برداشت کرنی چاہیے یا نہیں اس پر اکثر بحث ہوتی رہتی ہے۔ چلچلاتی گرمی کے درمیان نوئیڈا کے ایک پرائیویٹ اسکول نے ایک ایسا فیصلہ لیا ہے جس پر کافی تنازعہ کھڑا ہو رہا ہے۔اسکول انتظامیہ نے تعلیمی سیشن کے دوران کلاس رومز میں ایئر کنڈیشنر چلانے کے لیے والدین سے ماہانہ 500 روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوئیڈا کے ضلع مجسٹریٹ میدھا روپم نے اس فیصلے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
والدین نے اسکول انتظامیہ کے فیصلے پر احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈسٹرکٹ فیس ریگولیٹری کمیٹی (DFRC) کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق والدین اس اچانک فیصلے سے حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے مالی دباؤ بڑھے گا۔ تاہم، اپنے سرکاری نوٹس میں، اسکول نے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ منیش گوئل بمقابلہ دہلی حکومت (NCT) اور دیگر کے معاملے میں 2 مئی 2024 کو دہلی ہائی کورٹ کے مشاہدات کے مطابق ہے۔واضح رہے کہ اس معاملے میں، عدالت نے پی آئی ایل کو خارج کر دیا اور والدین سے کہا کہ وہ اسکولوں میں ایئر کنڈیشننگ کی لاگت (2000 روپے ماہانہ) برداشت کریں۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان مشترکہ مالی ذمہ داری پر زور دیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ داخلے پر غور کرتے وقت اسکول میں دستیاب سہولیات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
والدین کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے رواں سال کے تعلیمی سیشن سے قبل فیسوں میں اضافہ کیا اور ایئر کنڈیشن کی فیس وصول کرنا سراسر غلط ہے۔ تاہم اسکول کے نوٹس میں ٹرانسپورٹ چارجز میں کسی تبدیلی کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ سی این جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ماہانہ 100 روپے کا مزید اضافہ ممکن ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پہلے ہی ٹرانسپورٹیشن چارجز میں تقریباً 162 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ میدھا روپم نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کا فیصلہ ڈی ایف آر سی کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اسکول کو نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل فیس میں اضافے کے بارے میں معلومات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر شیئر کرنے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔