دلی این سی آر

اردو اکادمی کی اختتامی تقریب، 266طلبا نے تربیتی سرگرمیوں میں لیا حصہ

Published

on

نئی دہلی:اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام اور محکمۂ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے تعاون 14 مئی تا 2جون 2026 منعقدہ ’’سمر کیمپ‘‘ کی اختتامی تقریب آج نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس بامقصد پروگرام میں چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے تقریباً266 طلبا نے شرکت کی۔سمر کیمپ کا بنیادی مقصد نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا، ان کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انھیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔ کیمپ میں خطاطی، غزل گائیکی، پینٹنگ، داستان گوئی، پرسنالٹی ڈیولپمنٹ اور اردو زبان دانی سمیت مختلف شعبوں میں ماہر اساتذہ نے طلبا کو عملی و نظری تربیت فراہم کی۔ طلبا کو جونیئر اور سینئر زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھارا جا سکے۔اختتامی تقریب میں پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ، اردو زبان دانی اور داستان گوئی کے طلبا نے اپنی شاندار کارکردگی پیش کی۔ طلبا نے اعتمادِ نفس، مؤثر اظہارِ خیال اور اردو زبان پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر فائن آرٹ اور اردو کیلی گرافی کی تربیت حاصل کرنے والے طلبا کے تیار کردہ فن پاروں اور خطاطی کے نمونوں کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھرپور تحسین کی۔
تقریب کے اختتام پر سکریٹری اردو اکادمی، دہلی جناب لیکھ راج اور اکاؤنٹ آفیسر جناب انل کمار کامرہ نے سمر کیمپ میں شرکت کرنے والے طلبا میں اسناد (سرٹیفکیٹس) تقسیم کیے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سکریٹری اکادمی نے سمر کیمپ کے کامیاب انعقاد پر حکومتِ دہلی، محکمۂ فن، ثقافت و السنہ اور وزیر برائے فن، ثقافت و السنہ جناب کپل مشرا کے تعاون اور سرپرستی کا شکریہ ادا کیا۔ طلبا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھوں نے مستقبل میں بھی علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔انھوں نے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کی انسٹرکٹر محترمہ اقرا قریشی، غزل گائیکی کے استاد جناب ذیشان ضمیر، کیلی گرافی کے استاد ڈاکٹر شمیم احمد، داستان گوئی کے استاد جناب ساحل آغا، اردو زبان دانی کے استاد ڈاکٹر شعیب رضا خاں وارثی اور فائن آرٹ کے استاد جناب پرسون پودار اور ان کے ساتھیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اساتذہ نے طلبا کی تربیت و رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث طلبا نے مختصر مدت میں قابلِ قدر پیش رفت کی اور اختتامی تقریب میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر طلبا، اساتذہ اور والدین نے اردو اکادمی، دہلی کی اس کاوش کو نہایت مفید اور قابلِ ستائش قرار دیا۔ والدین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اکادمی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ایسے تربیتی اور تعلیمی پروگرام بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور اردو زبان و ادب سے وابستگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے اردو اکادمی، دہلی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے معیاری اور بامقصد پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network