بہار
آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن سے منسلک ہوں گےپرائیویٹ اسپتال اور کلینک
(پی این این)
چھپرہ :صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو زیادہ شفاف،محفوظ اور تکنیکی طور پر مضبوط بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ صحت نے تمام نجی میڈیکل اداروں کو آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (ABDM) میں لازمی طور پر شامل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے نفاذ سے مریضوں کو صحت کی بہتر، آسان اور تیز تر خدمات فراہم ہوں گی۔ABDM کے تحت ہر شہری کو ایک منفرد ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی ABHA نمبر فراہم کیا جائے گا۔یہ نمبر مریض کی ٹیسٹ رپورٹس،نسخے،ادویات کی تفصیلات،علاج کی تاریخ اور تمام صحت کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل طور پر محفوظ کرے گا۔اس سے مریضوں کو نسخے،رپورٹس یا فائلوں کے ساتھ اسپتالوں میں جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ڈاکٹروں کو ایک کلک کے ساتھ مریض کی مکمل طبی تاریخ تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔جس سے علاج زیادہ درست،موثر اور معیاری ہوگا۔
محکمہ صحت کے مطابق اے بی ڈی ایم میں پرائیویٹ اسپتال،نرسنگ ہومز،کلینک،تشخیصی مراکز،پیتھالوجی لیبز،ریڈیولوجی سینٹرز،فارمیسیز،ڈینٹل کلینک اور فزیو تھراپی سینٹرز شامل ہوں گے۔تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر رجسٹریشن مکمل کریں۔رجسٹریشن کرنے کے لیے پہلے پیشہ ور افراد ہیلتھ پروفیشنل رجسٹری (HPR) پر رجسٹر ہوں گے اور اپنی منفرد HPR ID بنائیں گے۔اسپتال،کلینک،لیبز اور دیگر ادارے اپنے ادارے کی معلومات،لائسنس اور عملے کی تفصیلات ہیلتھ فیسیلٹی رجسٹری (HFR) پر اپ لوڈ کرکے اس عمل کو مکمل کریں گے۔رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ادارے ABDM سسٹم پر فعال ہو جائیں گے اور مریضوں کو ڈیجیٹل خدمات فراہم کر سکیں گے۔
آیوشمان بھارت کے ڈی پی سی انچارج ابھینئے کمار نے اے بی ڈی ایم کو صحت کے شعبے میں ایک بڑی اصلاح قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ سے ادویات کی تقسیم،جانچ،نسخے اور علاج میں شفافیت بڑھے گی۔یہ غلط تشخیص،جعلی رپورٹوں یا بے ضابطگیوں کو مؤثر طریقے سے روکے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نجی اداروں میں مسلسل شعور بیدار کر رہا ہے اور انہیں جلد از جلد رجسٹر کرنے کی تاکید کر رہا ہے۔ABDM ملک میں ایک مضبوط،جدید اور مربوط ڈیجیٹل ہیلتھ انفراسٹرکچر بنائے گا۔جس کے سب سے زیادہ فوائد عام لوگوں کو حاصل ہوں گے۔ABDM کے نفاذ کے ساتھ صحت کا نظام زیادہ منظم،شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہونے کی امید ہے۔
بہار
سیتامڑھی میں عازمین حج کیلئے طبی کیمپ کا انعقاد
(پی این این)
سیتامڑھی: شہر کے مدرسہ رحمانیہ مہسول کے احاطے میں فیملی ہیلتھ کیئر کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ حاجیوں کو تربیت دینے کے بعد منعقد اس کیمپ میں کل 132 حاجیوں اور آس پاس کے دیہاتیوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔ کیمپ کے دوران مریضوں کا عمومی طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے مختلف بیماریوں کی جانچ کر لوگوں کو ضروری طبی مشورے دیے۔ خاص طور پر حج پر جانے والے حاجیوں کے صحتی معائنے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ وہ مکمل صحت کے ساتھ اپنے سفر پر روانہ ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر ماہد حسن نے کہا، معاشرے کے ضرورت مند لوگوں تک بہتر طبی سہولیات پہنچانا ہمارا مقصد ہے۔ اس طرح کے مفت کیمپ کے ذریعے ہم ان لوگوں کی مدد کر رہے ہیں جو مالی وجوہات کی بنا پر وقت پر علاج نہیں کرا پاتے۔ مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپ منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد سے مقامی لوگوں میں خوشی دیکھنے کو ملی اور انہوں نے فیملی ہیلتھ کیئر کی اس پہل کی سراہنا کی۔ اس موقع پر حاجی افتخار عالم منا، محمد ارمان علی، مولانا رضوان قاسمی، علیم عرف آرزو، ، تبریز، کمرول محمد گلاب، محمد اجمل، تنویر شمسی، محمد شکیل سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
بہار
نتیش کماربلامقابلہ جے ڈی یو کے پھر صدر منتخب
(پی این این)
پٹنہ :نتیش کمار کو جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کا دوبارہ بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ جے ڈی یو تنظیمی انتخابات کے آخری مرحلے میں قومی صدر کا انتخاب شامل تھا، جس کے لیے پارٹی کے موجودہ سربراہ نتیش کمار واحد امیدوار تھے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ اور دستبرداری کی آخری تاریخ کے بعد انتخابی افسر انیل ہیگڑے نے انہیں فاتح قرار دیا۔جے ڈی یو کی تشکیل 2003 میں جارج فرنانڈس اور نتیش کی سمتا پارٹی، شرد یادو کی قیادت والی جنتا دل دھڑے، اور رام کرشن ہیگڑے کی لوک شکتی کے انضمام سے ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے نتیش کئی بار پارٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔ پارٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد نتیش نے آر سی پی سنگھ اور للن سنگھ کو بھی صدر مقرر کیاتھا۔
مرکزی وزیر اور جے ڈی یو کے سابق صدر لالن سنگھ کہتے رہے ہیں کہ نتیش کمار جے ڈی یو کے سپریم اتھارٹی ہیں اور وہ جو چاہیں گے وہی ہوگا۔ تقریباً دو دہائیوں تک بہار میں ریاستی حکومت کی قیادت کرنے کے بعد نتیش کمار راجیہ سبھا کے ذریعہ مرکزی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں۔ وہ 16 مارچ کو راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئےہیں اور اپریل کے دوسرے ہفتے یا بعد میں دہلی میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے رکن کے طور پر اپنا پہلا حلف لیں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعلی کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور راجیہ سبھا الیکشن لڑنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا تھاکہ راجیہ سبھا میں شامل ہونا زندگی بھر کی خواہش رہی ہے۔ نتیش لوک سبھا اور بہار لیجسلیچر دونوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، لیکن راجیہ سبھا میں یہ ان کی پہلی میعاد ہے۔ اس کے ساتھ وہ بہار کے لیڈروں کے منتخب گروپ میں شامل ہوں گے جنہوں نے راجیہ سبھا، لوک سبھا، قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں خدمات انجام دی ہیں۔
نتیش کمار اس وقت بہار کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سمردھی یاترا کے آخری مرحلے میں مصروف ہیں۔ نتیش کے جانشین کے بارے میں جے ڈی یو اور حکومت دونوں کے اندر بحث چھڑ گئی تھی، لیکن جے ڈی یو کے اندر اگلی مدت کے لیے نتیش کی اپنی امیدواری نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ان کے بیٹے نشانت کمار کو سیکھنے اور سمجھنے کے لیے زیادہ وقت ملے گا۔ نتیش کمار کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کسی لیڈر کے وزیر اعلیٰ بننے کی بات چل رہی ہے، جس کے لیے نتیش کمار کے قریبی ساتھی ڈپٹی سی ایم سمراٹ چودھری سمیت بی جے پی کے کچھ لیڈروں کے ناموں کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
بہار
گیا میں نتیش کمار نے 744 منصوبوں کاکیا افتتاح و رکھاسنگِ بنیاد
فیصل رحمٰانی
گیا : سمردھی یاترا کے تحت گیا پہنچے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ضلع کو ترقیاتی منصوبوں کی ایک بڑی سوغات دی۔ ایک ساتھ 744 منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد کے ذریعے انہوں نے ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا واضح اشارہ دیا۔
ٹنکُپّا کے مایاپور واقع بہار پوشک اناج و ویلیو چین ایکسیلنس سینٹر میں وزیر اعلیٰ نے جدید زرعی طریقوں کا جائزہ لیا۔ ڈرِپ آبپاشی، اسپرنکلر ٹیکنالوجی اور ملیٹس کی کاشت کو انہوں نے مستقبل کی زراعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کم پانی میں زیادہ پیداوار ممکن ہے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سی ایم نتیش کمار نے ریموٹ کے ذریعے 367 کروڑ روپے کی لاگت سے 553 منصوبوں کا افتتاح اور 377 کروڑ روپے کی لاگت سے 140 منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں سڑک، پل، آبپاشی، تعلیم اور شہری ترقی سے متعلق کئی اہم پروجیکٹ شامل ہیں۔
بانکے بازار علاقے میں پل کی تعمیر، امام گنج سے جھارکھنڈ بارڈر تک سڑک کی چوڑائی، اور گیا شہر میں فلائی اوور کی تعمیر جیسی اسکیمیں علاقائی رابطے کو مضبوط کریں گی۔ اس کے علاوہ بلاک دفاتر، رہائشی عمارتوں اور اقلیتی رہائشی اسکول کی تعمیر بھی منصوبوں میں شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو صاف ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ نگرانی ہو رہی ہے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پروگرام میں 13,334 جیونیکا سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو 609 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کا علامتی چیک دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے جیونیکا دیدیوں کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مزید آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
سی ایم نے زراعت، ماہی پروری، دیہی ترقی، تعلیم اور صحت کے محکموں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور مستفیدین سے براہِ راست بات چیت کر کے منصوبوں کی زمینی حقیقت کا جائزہ لیا۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار4 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
بہار10 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر1 year agoکجریوال کاپجاری اور گرنتھی سمان اسکیم کا اعلان
