Uncategorized
دہلی بی جے پی نےکیا دہلی لکشمی یوجنا نافذ کرنے پر ریکھا کا شکریہ ادا
(پی این این)
نئی دہلی: دہلی پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی لکشمی یوجنا نافذ کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ کنول جیت سہراوت اور بانسری سوراج نے بدھ کو یہاں دو مستفیدین محترمہ سنتوش دیوی اور محترمہ سونیا کی موجودگی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور دہلی لکشمی یوجنا نافذ کرنے پر محترمہ ریکھا گپتا حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
سنتوش دیوی لاجپت نگر میں کھانے کی ریڑھی لگاتی ہیں اور سونیا گھریلو کام کاج کی معاون کے طور پر کام کرتی ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ وزیراعلی ریکھا گپتا نے منگل کو اہل خواتین کے لیے دہلی لکشمی یوجنا اگست سے نافذ کرتے ہوئے اس کے لیے رجسٹریشن یکم اگست سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت مستحق خواتین کو ہر مہینے 2,500 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ سہراوت نے کہا کہ دہلی کی بدقسمتی رہی ہے کہ 2014 سے 2025 تک ایک ایسی حکومت یہاں رہی جس نے اپنے سیاسی مفاد کو مقدم رکھا اور یہاں کے لوگوں کو مرکزی حکومت کی اسکیموں سے محروم رکھنے کا کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کی حکومت نے مرکزی حکومت کی کسی بھی اسکیم کو دہلی میں نافذ نہیں ہونے دیا اور اپنی طرف سے کسی بھی طرح کی اسکیموں کی پہل نہیں کی۔ جو اسکیمیں وہ لے کر بھی آئے وہ صرف کرپشن کا ذریعہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ 2025 میں جب ریکھا گپتا حکومت بنی تو یہاں مرکزی اسکیموں کو نافذ کیا گیا۔ محض 16 مہینے کی حکومت نے کئی اسکیمیں دیں اور اب دہلی لکشمی یوجنانافذ کر کے دہلی کی خواتین کو فائدہ پہنچانے کا کام کیا ہے ۔
محترمہ بانسری سوراج نے کہا کہ ‘خواتین کی قیادت میں ترقی صرف بی جے پی کا نعرہ ہی نہیں ہے بلکہ گزشتہ 12 سالوں میں وزیراعظم نریندر مودی نے اس کو سچ کر دکھانے کا کام کیا ہے ۔ چاہے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ہو یا پھر جن دھن یوجنا ہو۔ 50 فیصد سے زیادہ بینک کھاتے خواتین کے ہی کھولے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے مدرا یوجنا کے تحت خواتین کو مالی مضبوطی دی تو اجولا یوجنا کے تحت انہیں سماجی انصاف دیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے خواتین کی بااختیاری کے لیے جو مہم چلائی اس میں دہلی پیچھے رہ رہی تھی کیونکہ دہلی میں اس وقت کی عآپ حکومت نے سیاسی بغض کی وجہ سے انہیں نافذ کرنے سے روک دیا تھا۔ جب بی جے پی کی حکومت بنی تو فوری طور پر مرکزی اسکیموں کو دہلی میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی اور اب دہلی کی ہر ماں بہن کو ماہانہ 2,500 روپے ملیں گے جس کے لیے آن لائن پورٹل بنایا گیا ہے جو یکم اگست سے باقاعدہ طور پر کام کرنا شروع کر دے گا اور اس سے 21 سے 60 سال کی عمر کی 17 لاکھ خواتین مستفید ہونے والی ہیں۔ دونوں ارکانِ پارلیمنٹ نے وقت کی پابندی کے ساتھ “دہلی لکشمی یوجنا” دہلی میں نافذ کرنے پر وزیراعلی ریکھا گپتا کا شکریہ ادا کیا۔محترمہ سنتوش دیوی نے کہا کہ یہ 2,500 روپے کی ماہانہ رقم ہمارے خاندان میں بچوں کی تعلیم میں بہت کارآمد ہوگی۔ نو جیون کیمپ کی محترمہ سونیا نے کہا کہ مفت راشن، پنک بس کارڈ اور اب یہ دہلی لکشمی یوجنا لا کر بی جے پی حکومت نے غریبوں کی زندگی آسان کی ہے ، اب ہم اپنے بچوں کے لیے صحت بخش پھل بھی خرید سکیں گے ۔