uttar pradesh

Published

on

دیوبند:آج ہونے والی برسات کی پہلی بارش کے بعد لوگوں کو شدت کی گرمی سے راحت ملی ہے حالانکہ صبح سویرے سے ہی شروع ہونے والی بارش کے سبب دیوبند کے کئی محلوں میں خاص طور پر نشیبی علاقوں میں پانی بھرا رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑا ۔میونسپل بورڈ کی جانب سے نالوں کی صفائی کرانے کے دعووں کی بھی قلعی کھل گئی ۔بدھ کے روز صبح سویرے سے ہی آسمان میں گھنے بادل چھائے ہوئے تھے اور ہلکی ہلکی بارش کے آغاز کے ساتھ کچھ ہی دیر میں چاروں طرف زبردست بارش شروع ہوگئی ،محکمۂ موسمیات کے مطابق کئی گھنٹوں تک چلنے والی مسلسل بارش کو 56؍ ایم ایم ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئیں خاص طور پر محلہ بڑضیاء الحق ،دارالعلوم چوک ،نواز گرلز پبلک اسکول سے ملحقہ سڑک ،کہنی مسجد کا علاقہ ،پٹھان پورہ ،ریتی چوک ،نیچرگڑھ ،ریلوے روڑ ،شاہ جلال اور روی داس مارگ سمیت کئی محلے بارش کے پانی کے سبب تالاب بنے رہے ،حالانکہ جون کے پہلے ہفتہ میں تقریباً 86؍ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود لوگ شدید گرمی کے باعث بہت زیادہ پریشان تھے ۔بدھ کے روز ہونے والی بارش سے کسانوں اور باغ مالکان کے چہرے بھی کھل اٹھے اس بارش کے بعد دھان کی فصل بونے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں ۔تروینی شوگر فیکٹری کی لیبارٹری کے انچارج سبھاش ورما نے بتایا کہ ابھی آئندہ دوتین دنوں میں مزید بارشیں ہوں گی جس کے بعد درجۂ حرارت میں مزید کمی آئے گی ۔انہوںنے کہا کہ ان بارشوں کی وجہ سے کسانوں کو بھی کافی راحت ملے گی اور اب انہیں مہنگا ڈیزل خرید کر اپنے کھیتوں کی سینچائی کرنے سے چھٹکارہ مل جائے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network