دلی این سی آر
محروم طبقات اور انصاف مانگنے والے لوگوں کی آواز ’آپ‘
غازی آباد:میرٹھ کی سرزمینِ انقلاب سے 16 مئی کو شروع ہونے والی عام آدمی پارٹی کی روزگار دو،سماجی انصاف دو پدیاترا کا بدھ کے روز غازی آباد میں تاریخی اختتام ہوگیا۔ پانچ دنوں تک میرٹھ سے غازی آباد تک چلنے والی اس پدیاترا نے بے روزگاری، پیپر لیک، سماجی انصاف اور نوجوانوں کے مستقبل کے سوالات کو ریاست کی سیاست کے مرکز میں لا کھڑا کیا۔ آخری دن غازی آباد کی سڑکوں پر امڈے عوامی سیلاب نے اس مہم کو عوامی تحریک کی شکل دے دی۔ مہاراجہ اگرسین بھون، پٹیل نگر سے شروع ہونے والی پدیاترا امبیڈکر پارک پہنچ کر ایک عظیم عوامی جلسے میں تبدیل ہوگئی، جہاں ہزاروں نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، روزگار سیوکوں، آشا بہوؤں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔
پانچویں دن پدیاترا کا آغاز مہاراجہ اگرسین بھون، پٹیل نگر-1، لوہیا نگر سے ہوا، جہاں عام آدمی پارٹی کے اتر پردیش انچارج اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ کی قیادت میں ہزاروں کارکنان، نوجوان، خواتین اور مقامی شہری شامل ہوئے۔
غازی آباد کی سڑکوں پر جگہ جگہ لوگوں نے پھول مالاؤں اور گل پاشی کے ساتھ پدیاترا کا استقبال کیا۔ نوجوانوں اور عام شہریوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملا اور بڑی تعداد میں لوگ خود بخود اس تحریک کا حصہ بنتے گئے۔ تقریباً ایک کلومیٹر کی پدیاترا کرتے ہوئے یہ عوامی سیلاب امبیڈکر پارک پہنچا، جہاں ایک عظیم عوامی جلسے کا انعقاد ہوا۔
عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ پدیاترا صرف ایک سیاسی پروگرام نہیں بلکہ بے روزگار نوجوانوں، محروم طبقات اور انصاف مانگنے والے شہریوں کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مراحل مکمل ہو چکے ہیں لیکن تحریک ابھی جاری ہے اور تین مراحل ابھی باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لیے سماج کو بیدار ہونا ہوگا اور چھوٹی چھوٹی جدوجہد ہی بڑے انقلاب کی بنیاد بنتی ہیں۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ آج تعلیم، صحت، روزگار، بجلی، پانی، سڑک اور مہنگائی جیسے بنیادی مسائل کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ سمیت 93 امتحانات کے پرچے لیک ہو چکے ہیں اور اتر پردیش میں لیکھپال، سپاہی، دروغہ، PCS-J، بورڈ امتحانات سے لے کر میڈیکل اور انجینئرنگ داخلہ امتحانات تک کے پرچے لیک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ سے 22 لاکھ طلبہ متاثر ہوئے ہیں اور یہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ نیٹ کا پرچہ لیک ہونے کے سبب جن چار بچوں نے اپنی جان دی، یہ خودکشی نہیں بلکہ نریندر مودی حکومت کی طرف سے کی گئی ہلاکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک کا ہزاروں کروڑ روپے کا کاروبار ہے جسے اقتدار کا تحفظ حاصل ہے۔ ایسا اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ اس ملک کا نوجوان سڑکوں پر نہیں اترتا۔ اگر نوجوان اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تو کسی کی ہمت نہیں ہوگی کہ کوئی پرچہ لیک ہو سکے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ روزگار کی لڑائی صرف نوجوانوں کی نہیں بلکہ کسانوں، ریڑھی پٹری والوں، شکشا متر، روزگار سیوکوں اور آشا بہوؤں کی بھی لڑائی ہے۔ انہوں نے روزگار کے مسئلے پر سبھی طبقات کو متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست ختم ہوگی تو مسائل کی سیاست خود بخود مضبوط ہوگی۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے ہر سال دو کروڑ نوکریاں، 15 لاکھ روپے، کسانوں کی آمدنی دوگنی، سستا پٹرول-ڈیزل اور پکے مکانات دینے کے وعدے کیے تھے لیکن پورے نہیں کیے۔ جبکہ عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال نے دہلی میں اچھے اسکول، محلہ کلینک، مفت بجلی پانی، خواتین کے لیے مفت بس سفر اور بزرگوں کے لیے تیرتھ یاترا کا وعدہ کیا اور اسے پورا بھی کیا۔