uttar pradesh

قربانی اپنے رب کے سامنے کامل اطاعت پیش کرنے کی عظیم سنت: مفتی عفان منصور پوری،جامع مسجد امروہہ میں فضائل اور مسائل قربانی پر صدر جمعیت علماء اتر پردیش کا اہم خطاب

Published

on

(پی این این)
امروہہ:جامع مسجد امروہہ پر نماز جمعہ سے قبل معروف عالم دین، شیخ الحدیث، صدر جمعیت علماء اتر پردیش حضرت مولانا مفتی سیّد محمد عفان منصور پوری صاحب نے قربانی کے فضائل، اہمیت اور مسائل پر نہایت مدلل اور ایمان افروز خطاب فرمایا۔ کثیر تعداد میں موجود حاضرین کو خطاب کرتے ہویے فرمایا کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم سنت ہے، جس کے ذریعے بندہ اپنے رب کے سامنے کامل اطاعت اور تسلیم و رضا کا عملی مظاہرہ پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ جذبۂ ایثار، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں قربانی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پوری حیات مبارکہ میں قربانی کا اہتمام فرمایا اور امت کو بھی اس عظیم عبادت کی تاکید فرمائی۔ مولانا نے کہا کہ صاحبِ نصاب مسلمان پر قربانی واجب ہے اور اس عبادت کو محض رسم یا دکھاوے کے طور پر انجام دینا اس کی روح کے خلاف ہے۔اپنے خطاب میں مولانا عفان منصور پوری نے قربانی کے اہم مسائل بھی تفصیل سے بیان کیے۔
انہوں نے فرمایا کہ قربانی کا جانور صحت مند، عیب سے پاک اور شرعی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے قربانی کے ایام، جانور کی عمر، حصے داری، نیت کی درستگی اور گوشت کی تقسیم جیسے مسائل پر عوام کی رہنمائی فرمائی۔
انہوں نے تاکید کی کہ قربانی کے دوران صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور پڑوسیوں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ اسلام کی بہترین تعلیمات دنیا کے سامنے پیش کی جا سکیں۔ مفتی عفان نے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے مسلمانوں کو اتحاد، اخوت اور دینی شعور اپنانے کی نصیحت کی۔ انہوں نے فرمایا کہ مسلمانوں کو اپنی عبادات کے ساتھ ساتھ اخلاق و کردار کو بھی بہتر بنانا چاہیے، کیونکہ اسلام امن، محبت اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور عالم اسلام کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network