Bihar

سمراٹ کابینہ نے 19اہم تجاویز کو دی منظوری

Published

on

(پی این این)
پٹنہ: وزیر اعلی سمراٹ چودھری کی صدارت میں بدھ کےروز ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کل 19 ایجنڈوں کو منظوری دی گئی۔ حکومت بہارنے ریاستی ملازمین اور پنشنر کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ سمراٹ چودھری حکومت نے ملازمین کے ڈی اے میں دو فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ اب ڈی اے 58 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہو گیا ہے۔ ساتویں سینٹرل پے اسکیل کے تحت تنخواہ اور پنشن حاصل کرنے والے ریاستی سرکاری ملازمین اور پنشنرکو یکم جنوری 2026 سے 60 فیصد ڈی اے کا فائدہ ملے گا۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں ریاستی سیکریٹریٹ میں منعقدہ یہ میٹنگ کابینہ کی حالیہ توسیع کے بعد پہلی میٹنگ تھی، جس میں تمام 34 وزراء نے شرکت کی۔
بہار کابینہ نے رواں سال یکم جنوری سے مختلف تنخواہ کمیشنوں کے تحت ڈی اے میں اضافہ کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے کے تحت چھٹے تنخواہ کمیشن کے تحت ڈی اے 257 فیصد سے بڑھا کر 262 فیصد کر دیا گیا ہے۔ پانچویں تنخواہ کمیشن کے تحت ملازمین اور پنشن یافتگان کے لیے اسے 474 فیصد سے بڑھا کر 483 فیصد کیا گیا، جبکہ ساتویں تنخواہ کمیشن کے تحت ڈی اے 58 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کر دیا گیا ہے۔میٹنگ میں کابینہ نے بازار سے 64141.28 کروڑ روپے قرض لینے کے منصوبے کو بھی منظوری دی۔ اس منظوری کے بعد بازار قرض کے ساتھ مالی سال 2026-27 کے لیے کل قرض حاصل کرنے کا ہدف 72901.30 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔
اس اجلاس میں حساس اضلاع میں پولیس نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مشرقی چمپارن، سمستی پور، مدھوبنی، ویشالی اور سیوان میں پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) کے پانچ عہدے قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ کے ایک اور فیصلے میں کابینہ نے ’ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز‘ کے ذریعے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (وی اے ٹی ایم آئی ایس) کے سالانہ مینٹیننس معاہدے (اے ایم سی) کی تجدید کے لیے 13180414 روپے کی لاگت کو منظوری دی۔کابینہ کے دیگر فیصلوں میں بہٹا میں ایک نجی ڈیری پلانٹ کے لیے مالی ترغیب کی منظوری دی گئی، جبکہ ریاست میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مقصد سے بہار صنعتی سرمایہ کاری ترغیبی پیکیج (بی آئی آئی پی پی) میں ترمیمات کو بھی منظور کیا گیا۔
کابینہ کی میٹنگ میں ’’سات نشچے-3‘‘ پروگرام کے تحت مغربی چمپارن اور مونگیر اضلاع میں تین نئے ڈگری کالجوں کے قیام اور ہر کالج میں 44 اساتذہ و غیر تدریسی عملے کے حساب سے 132 عہدوں کے قیام کو منظوری دی گئی۔
کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے لیے 110 کروڑ روپے کی لاگت سے وزیر اعلیٰ ماحول دوست ٹرانسپورٹ روزگار اسکیم شروع کرنے اور بہار الیکٹرک وہیکل (ترمیمی) پالیسی 2026 کو بھی منظوری دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network