دیش
لیڈی حوابائی گرلس ہائی اسکول کی طالبات نے کیا ادارے کا نام روشن
لیڈی حوابائی گرلس ہائی اسکول کی طالبات نے ایس ایس سی امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ اپنے اساتذہ اور ادارے کا نام بھی روشن کیا۔ امسال اسکول کا نتیجہ انتہائی قابلِ ستائش رہا، جس میں کئی طالبات نے نمایاں نمبرات حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں لائذہ عمران خان پانسرے نے %90.40، طیبہ عبد اللہ شاہ نے %91.4 اور زینب فرحان شیخ نے %88 نمبرات حاصل کیے۔ ان کے علاوہ بھی متعدد طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ نمبرات حاصل کیے، جس پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور سرپرستوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اس شاندار کامیابی کے موقع پر لیڈی حوابائی گرلس ہائی اسکول، کیمپ، پونے میں ایک پُروقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کامیاب طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں اسکول کے اہم ذمہ دار جناب عثمان ہیرولی صاحب نے طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے طالبات کو مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے اور قوم و ملت کی خدمت کرنے کی تلقین کی۔
اسکول کی پرنسپل محترمہ مسرت صاحبہ نے اپنی طالبات کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف طالبات ہی کی نہیں بلکہ اساتذہ، والدین اور پورے ادارے کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے طالبات کو مزید محنت، اعلیٰ تعلیم کے حصول اور عملی زندگی میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
تقریب کے دوران طالبات کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔ اساتذہ کرام اور والدین نے بھی طالبات کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بچیاں مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں سے معاشرے اور ملک کا نام روشن کریں گی۔