دلی این سی آر
دہلی۔این سی آر میں گرمی کا قہر ،درجہ حرارت 44ڈگری پار
(پی این این )
نئی دہلی: ملک بھر میں اس وقت شدید گرمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ دہلی-این سی آر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں پارہ 44 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر چکا ہے۔دہلی-این سی آر میں ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 226 سے اوپر جا چکا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ سطح ہے۔ کچھ علاقوں میں یہ 300 کے قریب پہنچ گیا ہے، جس سے لوگوں کو گرمی کے ساتھ سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ اس شدید گرمی کے درمیان ایک اچھی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق 26 اپریل کے بعد ایک نیا مغربی سلسلہ (ویسٹرن ڈسٹربینس) فعال ہوگا، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر دہلی-این سی آر میں اتوار کے بعد موسم میں تبدیلی محسوس کی جا سکتی ہے۔
غورطلب ہےکہ ہفتہ کے روز کم سے کم درجۂ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، اسی دوران محکمۂ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہر کے کچھ علاقوں میں ہیٹ ویو کے امکانات کی وارننگ دی ہے۔صفدرجنگ، جو شہر کے موسم کی نمائندگی کرتا ہے، وہاں کم سے کم درجۂ حرارت 25.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 2.5 ڈگری زیادہ اور گزشتہ دن کے مقابلے میں 0.7 ڈگری زیادہ ہے۔
دیگر موسمی مراکز پر بھی کم سے کم درجۂ حرارت میں ہلکا اضافہ درج کیا گیا۔ یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک دن پہلے شہر کے کچھ حصوں میں سیزن کی پہلی ہیٹ ویو جیسی صورتحال دیکھی گئی تھی۔پالم میں کم سے کم درجۂ حرارت 26.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا، جو جمعہ کے مقابلے میں 1.2 ڈگری زیادہ ہے؛ لودھی روڈ میں 24 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو ایک دن پہلے سے 1.4 ڈگری زیادہ ہے جبکہ آیانگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 25.1 ڈگری سیلسیس رہا، جو 1.7 ڈگری کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔محکمۂ موسمیات کے ایک افسر نے کہا کہ شہر کے کچھ حصوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال بن سکتی ہے۔ دن کے وقت 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سطحی ہوائیں چل سکتی ہیں۔