بہار
بہارمیں وسطانیہ امتحان پُرامن ماحول میں جاری
(پی این این)
سیتامڑھی:بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ کے زیرِ اہتمام وسطانیہ (آٹھویں) جماعت کا امتحان ضلع کے مختلف مراکز پر نہایت پُرامن، منظم اور نقل سے پاک ماحول میں جاری ہے۔ منگل کے روز امتحان کے تیسرے دن بھی تمام امتحان مراکز پر سخت نگرانی اور بہتر نظم و ضبط کے درمیان امتحان منعقد ہوا۔مدرسہ حمیدیہ دارالبنات حسینؔہ کے مرکز نگران و پرنسپل مولانا ضیاءالرحمن قاسمی اور نائب مرکز نگران مولانا امتیاز علی نے بتایا کہ اس مرکز پر کل 111 طلبا وطالبات رجسٹرڈ تھے، جن میں سے 110 طلبا وطالبات نے امتحان میں شرکت کی۔
اسی طرح مدرسہ اسلامیہ عربیہ، جامع مسجد کورٹ بازار کے مرکز نگران و پرنسپل مولانا علی مرتضیٰ ندوی اور نائب مرکز نگران و نائب پرنسپل مولانا ارشاد مظاہری، و مولانا محمد تنویر احمد کے مطابق یہاں 669 رجسٹرڈ طلبا وطالبات میں سے 650 طلبا وطالبات امتحان میں حاضر ہوئے۔مدرسہ رحمانیہ اندولی، پریہار کے انچارج مرکز نگران محمد مناظرالاسلام نے بتایا کہ اس مرکز پر 180 طلبا وطالبات رجسٹرڈ تھے، جن میں سے 160 طلبا وطالبات نے امتحان میں شرکت کئے ۔
مدرسہ فیضِ عام، پھلوریا باجپٹی کے مرکز نگران و پرنسپل مولانا محمد مطیع الرحمٰن قاسمی نے بتایا کہ یہاں 212 طلبا وطالبات میں سے 200 طلبا طالبات امتحان میں شریک ہوئے۔تمام مراکز نگران نے اس بات کی تصدیق کی کہ امتحان کو شفاف بنانے کے لیے سیکورٹی کے مضبوط انتظامات کیے گئے ہیں اور مدرسہ بورڈ کی تمام ہدایت پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ ضلع بھر سے نقل یا کسی بھی طرح کی بدعنوانی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جس سے طلبہ، سرپرستوں اور تعلیمی حلقوں میں اطمینان کا ماحول ہے۔