بہار

چھپرہ میں المناک حادثہ: بند کمرے میں انگیٹھی جلا کر سوئے 3 بچوں سمیت 4 ہلاک

Published

on

(پی این این)
چھپرہ :بہار کے چھپرہ شہر کے بھگوان بازار تھانہ علاقہ کے امبیکا بھوانی کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔بند کمرے میں انگیٹھی جلانے سے زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے تین معصوم بچے اور ایک بزرگ سوئے ہوئے حالت میں جاں بحق ہو گئے۔وہیں اس واقعے میں چار دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔مرنے والوں کی شناخت 3 سالہ تیجس،4 سالہ ادھیائے،7 ماہ کی گڑیا کماری اور 70 سالہ کملاوتی دیوی کے طور پر کی گئی ہے۔تینوں بچے کزن تھے اور بوڑھی عورت ان کی نانی تھی۔بچے سردیوں کی چھٹیوں میں اپنی نانی کے گھر آئے تھے۔
دوسری جانب دم گھٹنے سے ماموں امیت کمار،والدہ،امیشا اور انجلی کی حالت تشویشناک ہے۔انہیں چھپرہ صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔جہاں سے ڈاکٹروں نے تشویشناک حالت کے مدنظر بہتر علاج کے لیے پٹہ ریفر کر دیا ہے۔تیجس اور گڑیا انجلی کے بچے تھے۔انجلی کی شادی وارانسی میں ہوئی ہے اور اس کے شوہر پی سی ایس افسر ہیں۔ادھیائے امیشا کا بیٹا تھا۔
اس واقعہ سے محلے میں افراتفری اور کہرام مچ گیا۔اطلاع ملنے پر بھگوان بازار پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دو کا علاج جاری ہے۔جبکہ دو دیگر جن کی حالت نازک ہے مزید علاج کے لیے پٹنہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی ڈاکٹر کمار آشیش اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر رام پکار سنگھ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ایس ایس پی نے صدر اسپتال کا بھی دورہ کیا۔زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ فرانزک سائنس لیب (FSL) کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا سائنسی معائنہ کیا ہے۔جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔بھگوان بازار پولس تھانہ پورے معاملے کی مکمل جانچ کر رہی ہے۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کیا کہ سردیوں کے دوران بند کمرے میں جلتے ہوئے چولہے،الاؤ،کوئلہ یا کسی اور قسم کے ایندھن کی انگیٹھی ساتھ نہ سوئیں۔ان سے خارج ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ گیس انتہائی زہریلی ہوتی ہے۔بغیر بو کے پھیلتی ہے اور مہلک ہو سکتی ہے۔ایسے حادثات کو روکنے کا بہترین طریقہ چوکسی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network