بہار

قومیں قلم اور کتاب کے ذریعہ ہی ترقی کرتی ہیں:مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی

Published

on

(پی این این )
پٹنہ :امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے پٹنہ کے گاندھی میدان میں لگے بک فیر کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قومیں قلم وکتاب کے ذریعہ ہی ترقی کرتی ہیں اس کے مطالعہ سے انسان اپنے علم میں اضافہ کرتا ہے اور اجتماعی شعور کو بیدار کرتا ہے ،اسلئے کہا گیاہے کہ زمانہ میں سب سے بہتر ہم نشیں کتاب ہے ، جہاں انسان اپنی تنہائی کو دور کرتا ہے اسی لئے لوگوں کے ذوق وشوق کو بڑھانے کیلئے کتابوں کے میلے لگائے جاتے ہیں، ان دنوں شہر پٹنہ کے گاندھی میدان میں بک فیر اسٹالس لگے ہوئے ہیں ، یہاں لوگوں میں دینی واقفیت اور برادران وطن میں اسلام کے تعارف وخدمات سے واقفیت کے لئے امیر شریعت مفکر ملت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کا بک اسٹال I/16،پر لگایا گیا ہے جس میں ملک وبیرون ملک کے نامور محققین کی فکر انگیز اور مستند کتابیں موجود ہیں ،جن کے مطالعہ سے علم دوست حضرات کو روحانی سکون ملے گا ان کے فکر ونظر میں وسعت وبلندی پیدا ہوگی۔
ناظم امارت شرعیہ اور اسکے علاوہ دیگر ذمہ دار حضرات نے شائقین علم کیلئے اسلامی ودینی موضوعات کے علاوہ معلومات عامہ قومی وملکی حالات پر بھی جامع اورمستند کتابیں مکتبہ امارت شرعیہ کے اسٹال پر فراہم کرادی ہیں تاکہ ہر اسلامی فکر وخیال رکھنے والے اصحاب کی علمی تشنگی کودور کرنے کے اسباب فراہم ہوں، مکتبہ کی نگرانی مولانا محمد منہاج عالم ندوی ،مولانا مجاہد الاسلام ،مولانا عبد القدوس مظاہری مسلسل کر رہے ہیںاور اصحاب ذوق کی رہنمائی بھی کرتے ہیں ،اسلئے خواہش مند حضرات امارت شرعیہ کے بک اسٹال سے فائدہ اٹھائیں اور علمی سیرابی حاصل کریں ۔
یہ کتاب میلہ16 ؍دسمبر 2025تک ہی رہے گا، اسلئے جس قدر جلد ممکن ہو کتابیں خرید کر استفادہ کر لیں ، امارت شرعیہ کے دوسرے ذمہ دار مولانا مفتی محمد ثناء اللہ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ ،صدرقاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی ،مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت، مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ،مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ، مولانا عبد اللہ جاوید ، حاجی محمداحسان الحق ، مولانا ابو الکلام شمسی ،مولانا محمد خالد سیف اللہ قاسمی ،مولانا محمد شارق رحمانی ، ڈاکٹر یاسر حبیب کار گذار سکریٹری مولانا سجاد میموریل اسپتاب کے علاوہ متعدد اصحاب فکر ودانش نے بھی بک فیر کے معائنہ کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطالعہ سے انسانی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور علم وآگہی میں اضافہ ہوتاہے، اسلئے کتابوں کے مطالعہ کی عادت ڈالنی چاہئے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network