بہار

اردو میڈیم اسکولوں کے لیے علیحدہ چھٹیوں کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ

Published

on

(پی این این)
نوادہ :بہار میں اردو میڈیم اسکولوں کے لیے مذہبی اور ثقافتی تقاضوں کے مطابق علیحدہ چھٹیوں کی فہرست (Holiday List) جاری کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اردو اساتذہ، تعلیمی تنظیموں اور سماجی کارکنوں نے حکومتِ بہار سے پرزور اپیل کی ہے کہ 2026 کے لئے اردو میڈیم اداروں کے لئے الگ سے تعطیلات کی فہرست جاری کیا جائے، تاکہ مسلم طلبہ اور اساتذہ کو اپنے تہذیبی و مذہبی مواقع پر سہولت مل سکے۔
مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری صدر بہار اسٹیٹ اُردو ٹیچرس ایسو سی ایشن نوادہ کا کہنا ہے کہ موجودہ عام تعطیلات کی فہرست میں کئی اہم اسلامی تہواروں پر چھٹیاں کم کردی گئی ہیں جیسے عید الفطر، عیدالاضحیٰ اور محرم و شب برات میں کم سے کم تین تین دنوں کی تعطیل ضروری ہے مگر محکمہء تعلیم بہار حکومت کی طرف سے 2026 کا جو تعطیلی کیلنڈر جاری کیا گیا ہے اس میں عید الفطر اور عیدالاضحی و محرم جیسے اہم تہواروں میں صرف ایک ایک دن کی چھٹی دی گئی ہے جب کہ اسکولوں میں ڈیوٹی پہ مامور اساتذہ کے گھر دور دراز مقامات میں ہیں آخر ایک دن کی چھٹی میں وہ اپنے گھر کب جائیں گے اور اپنے والدین اور بچوں کے لئے عید یا بقرعید کی تیاری کیسے کر پائیں گے اسے تو ہرذی شعور طبقہ آسانی سے سمجھ سکتا ہے موجودہ فہرست تعطیلات سے طلبہ کی حاضری متاثر ہوگی اور تعلیمی تسلسل بھی مجروح ہو گا۔
مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری نے آگے کہا ہے کہ آئین ہند تمام طبقوں کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، لہٰذا اردو میڈیم اسکولوں کے لئے علیحدہ تعطیلات کی فہرست جاری کرنا ایک آئینی و عملی ضرورت ہے۔ اس سے نہ صرف طلبہ و اساتذہ کو سہولت ملے گی بلکہ تعلیمی نظم و ضبط بھی بہتر ہوگا۔
بہار اسٹیٹ اُردو ٹیچرس ایسو سی ایشن کے ساتھ دیگر اردو تنظیموں نے بھی وزیراعلیٰ بہار جناب نتیش کمار، محکمہء تعلیم کے چیف سیکریٹری جناب ڈاکٹر بی راجندر،وزیرِ تعلیم جناب سنیل کمار اور محکمۂ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے تعلیمی سیشن کے لئے اردو میڈیم اسکولوں کے لئے باضابطہ طور پر الگ سے چھٹی لسٹ نافذ کی جائے۔عوامی حلقوں کو امید ہے کہ حکومت بہار اس جائز مطالبے پر جلد مثبت فیصلہ لے کر اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ و اساتذہ کو راحت فراہم کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network