اتر پردیش
اے ایم یو کے شعبہ جراحت میں نظامِ حیدرآباد کے وارث کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ جراحت میں حیدرآباد کے ساتویں نظام میر عثمان علی خاں کے پوتے اور پرنس حشم جاہ بہادر کے صاحبزادے میر نجف علی خان کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مہمان خصوصی میر نجف علی خان نے اے ایم یو کی شاندار علمی و تہذیبی وراثت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ وہ اور اُن کا کنبہ آئندہ بھی اس ادارے کی ترقیاتی سرگرمیوں میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر سیمیں عثمانی نے شعبہ کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا خاکہ پیش کیا۔ مہمانِ اعزازی، اے ایم یو سے فارغ التحصیل اور اس وقت راجستھان یونانی میڈیکل کالج کے شعبہ معالجات کے سربراہ پروفیسر نذر عباس نے نظامِ حیدرآباد کی اے ایم یو کے قیام و استحکام میں تاریخی خدمات پر روشنی ڈالی۔
ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن پروفیسر سید محمد صفدر اشرف نے صدارتی خطاب کیا، جب کہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔شعبہ جراحت کے چیئرمین پروفیسر تفسیر علی نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ انہیں ایسے معزز مہمان کی میزبانی کا موقع ملا جن کے آباء و اجداد نے اے ایم یو اور طبیہ کالج و اسپتال کے قیام و ارتقاء میں گراں قدر مالی و اخلاقی تعاون دیا۔ انہوں نے نظام خاندان کی علمی و فلاحی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی سمیت کئی ممتاز تعلیمی و طبی اداروں کی سرپرستی کی۔
شعبہ کے سابق چیئرمین پروفیسر اقبال عزیز نے کلمات تشکر ادا کیے، جب کہ آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر محمد طارق نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر رابعہ ریاض نے سپاس نامہ پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، محققین، طلبہ و عملہ سمیت ممتاز شخصیات بشمول ڈاکٹر سید احمد عباس،چانسلر، حلیمہ عزیز یونیورسٹی، منی پور، خالد مسعود، سابق صدر، اے ایم یو طلبہ یونین، پروفیسر سید شاہ عالم،ڈائریکٹر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، بنگلورو، ڈاکٹر سید عباس حیدر زیدی،ڈائریکٹر، ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، اور توقیر رضا،سکریٹری، امامیہ سوسائٹی موجود تھے۔