بہار
نوجوانوں نے سائیکل ریلی کے ذریعے ووٹرز کو کیا بیدار
(پی این این)
سارن :ووٹروں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے SVEEP سیل کی جانب سے جمعہ کو سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر یتیندر کمار پال نے شہر کے راجیندر اسٹیڈیم سے سائیکل ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلی اسٹیڈیم سے شروع ہو کر سائیکل ریلی تھانہ چوک،میونسپلٹی چوک،جوگنیہ کوٹھی،کچہری اسٹیشن،شری نندن پتھ اور سب ڈویژنل آفیسر صدر کی رہائش گاہ سے ہوتی ہوئی واپس راجندر سٹیڈیم پہنچی۔سائیکل ریلی کے دوران نوجوانوں نے’’سب کام چھوڑ کر پہلے ووٹ دو‘‘،’’خواہ مرد ہو یا عورت،ووٹ ڈالنا ضروری ہے‘‘جیسے درجنوں نعرے بلند کرتے ہوئے سائیکل ریلی میں شرکت کی اور ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر سائیکل ریلی میں شریک نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ نوجوان ملک کے لیڈر ہیں اور ہزاروں نوجوان 2025 کے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔آپ سب نوجوان بھی ووٹر بننے جا رہے ہیں۔اپنے گھر،محلے اور دیگر تمام ووٹرز سے 6 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ میں حصہ لینے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اپیل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام ہائی اسکولوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں ای ایل سی کلب کے طلبہ کے ذریعہ بیداری پروگرام بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔ڈس ایبلٹی ایمپاورمنٹ سیل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پوجا کماری نے بتایا کہ SVEEP سیل ووٹر بیداری کو فروغ دینے کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد کر رہا ہے۔جس میں پیدل مارچ،سائیکل ریلی،میراتھن اور معذوروں کے لیے ریس شامل ہیں۔اس پروگرام کا مقصد ووٹروں میں بیداری پیدا کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکلیں اور 6 نومبر کو پولنگ اسٹیشن جا کر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد شمیم انصاری،سنتوش کمار،راکیش کمار سنہا،ونے کمار سنگھ،اروند کمار سنگھ،سدھارتھ سنگھ،یشپال سنگھ اور SVEEP سیل کے رضاکاروں سمیت درجنوں لوگ موجود تھے۔سائیکل ریلی میں سارن اکیڈمی،بی سیمینری،آریہ کنیا ہائی اسکول،گرلز ہائی اسکول،این سی سی کیڈٹس اور اسکاؤٹس اور گائیڈس کے رضاکاروں نے حصہ لیا۔