بہار
جمہوری نظام میں حق رائے دہی ایک قومی وملی فریضہ،تمام ووٹرس ووٹ ڈالنے کو یقینی بنائیں:امیر شریعت
(پی این این)
پھلواری شریف:امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی نے اپنے ایک اخباری بیان میں فرمایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بہار کے اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے یہ انتخاب دو مرحلوں میں ہوگا،۶؍ اور ۱۱؍نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور ۱۴نومبر کو نتائج کا اعلان ہوگا ،بہار کا یہ انتخاب بڑی اہمیت کا حامل ہے ہمارا ایک ایک ووٹ بہت ہی اہم وقیمتی ہے ،ایک ووٹ سے حکومت بنتی اور گرتی ہے ،اور اسی ایک ووٹ سے کوئی امید وار کامیاب ہوتا ہے اور کسی کو ناکامی مقدر بن جاتی ہے ،اور اپنے حق رائے دہی جہاں قومی ذمہ داری ہے وہیں مسلمانوں کے لیے مذہبی وملی فریضہ بھی ہے تاکہ ایسے نمائندوں کا انتخاب ہو جو سیکولر مزاج اور اخلاقی اقدار کے حامل ہوں ،نیز ملک کی مختلف اکائیوں کو ایک نظریے سےدیکھتا ہو، فرقہ پرست نہ ہواور ایسی حکومت بنے جو تمام شہریوں کے ساتھ عدل وانصاف قائم کرے اور ہر شہری کو اس کا واجبی حق ملے ،اور تمام لوگ امن وامان اورچین و سکون کی زندگی گزار سکیں۔
امیر شریعت نےمزید فرمایا کہ ملک کے حالات بہت تیزی سے بدل رہے ہیں، فرقہ پرست طاقتیں ملک میں بدامنی وانارگی پھیلانے میں اپنے خفیہ ایجنڈوں کو نافذ کر رہی ہیں ،ایسے وقت میں اگر ہم صالح کردار کے حامل نمائندوں کو ووٹ دیں گے تو ملک کی ترقی اور خوشحالی کی خوشگوار فضا بنے گی، اس لیے ہم سب کو اپنے ووٹ کی قیمت کو محسوس کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے ،اس کی جمہوری ملک میں بڑی اہمیت ہے، جو لوگ بیرون صوبہ میں ملازمت یا کاروبار وہ وتجارت کر رہے ہیں یا کسی بھی ضرورت کے تحت ہوں وہ اپنی ضرورتوں کو آگے پیچھے کرکے ووٹنگ کے دن اپنے بوتھ پر پہونچ کر اپنے حق رائے دہی کا ضرور استعمال کریں ،اس سلسلہ میں مدارس کے علماء، مساجد کے ائمہ اور دعوت و تبلیغ سے وابستہ تمام حضرات بھی وطن کی خیر خواہی و ترقی کے جذبے سے ووٹ دینے کے لیے اپنی پولنگ بوتھوں پر پہنچے اور ووٹنگ کریں یہی وقت کا تقاضہ اور ہماری قومی و ملی ذمہ داری بھی ہے،ائمہ کرام جمعہ کےخطاب میں اورعلماء دانشوران اپنے بیانات میں ووٹ اورووٹرس کی اہمیت وضرورت پر ضرور روشنی ڈالیں تاکہ ہر ہر ووٹر کے ووٹ ڈالنے کو یقینی بنایا جاسکے۔