بہار

محسن انسانیت ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لئے مثالی نمونہ : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی

Published

on

(پی این این)
پھلواری شریف:امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قا سمی نے ماہ ربیع الا ول کی مناسبت سے عام لوگوں بالخصوص مسلمانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اسی بابرکت مہینہ میں محسن انسانیت امام الانبیاء نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی، منصب نبوت پرفائز نے کے بعد حضور ﷺ نے دنیا کو حق و صداقت اورعدل ومساوات کا پیغام دیا ،اس کو جہالت کی تاریکی سے نکال کر علم و معرفت کی روشنی عطاء کی جس سے قوموں کی تقدیر بدل گئی ،آنحضرت ﷺ نے اپنے ۲۳؍سالہ دورنبوت میںا نسانوں کو ان کی حقیقی قدر ومنزلت سےآگاہ کیا، اونچ نیچ کے فاصلوں کو ختم کیا اوروحدت و اجتماعیت کا پیغام دیا، ہزاروں رحمتیں اوردرود وسلام ہو اس نبی رحمت پر جنہوں نے انسانوں اور چوپایوں پر بھی رحم و کرم کی تعلیم دی اور ہر قسم کے جورو استبداء کا خاتمہ کیا ،اللہ کے رسول ﷺ نے روئے زمین پر بسنے والے ہر طبقہ کو اس کا واجبی حق دیا ،کمزوروں ،بےسہارا انسانوں،بے کسوں اور مظلوموں کی دست گری کوعبادت قرار دیا اور فرمایا کہ تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا ، الفت و محبت کے پیکر بنی رحمت نے معاشرہ میں امن وامان قائم کرنے اور انسانوں کے ساتھ حسن سلوک کامعاملہ کرنےکو انسانیت کا زیور قرادیا ،اسلئے رب کائنات نے اپنے محبو ب پیغمبر حضور ﷺ کی ذات اقدس کو پوری انسانیت کے لئے ایک مثالی بنایا ۔
انہوں نے کہاکہ اس ماہ مبارک کو سیرت طیبہ کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بنائیں اور عہد کریں کہ ہم اپنی پوری زندگی حضور ﷺ کی پیروی و اتباع میں گذاریں گے ، حضور ﷺ کی ایک ایک سنت پر عمل کریں گے ، اپنے طریق زندگی کو حضور ﷺ کی سیرت پر ڈھال کر ساری دنیا کے انسانوں کے لئے نمونہ عمل اور پیغام عمل بنیں گے ،آج کا انسان جن المناک حالات وکیفیات سے دو چار ہے ان سے نجات پانے کا واحد اور مستند ترین راستہ یہ ہے کہ انسانیت کے محسن اعظم محمد ﷺ کے طریقے زندگی کا اثاثہ بنالے تو وہ حقیقی مسرت اورفلاح و کامرانی سے ہمکنار ہو جائے گا ، سیر ت رسول کا یہی پیغام ہے کہ حضور ﷺسے ہمارا وہی تعلق پھر سے قائم ہوجائے جس کے بغیر ہماری ساری اجتماعی کو ششیں بے روح، بے جان اور بے مقصد ہیں، اسی مقصد کے لئے سیرت رسول کے موضوع پر کوئی مستند کتاب کا مطالعہ کرتے ہیں ، ہم روزانہ ایک چھوٹی حدیث کو حفظ کرنے کی کوشش کریں ، اور اپنے گھر کی مستورات کے درمیان حضور ﷺ کی سیرت طیبہ کا کوئی واقعہ بیان کریں جن سے ہماری ماں اور بہنوں کے اندر بھی حب رسول ﷺ کاجذبہ ابھر سکے ، اس کے ساتھ روزانہ درود شریف پڑھنے کا بھی اہتمام کریں ، اگر ہم لوگوں نے ان باتوں پر عمل کرنے کا پختہ ارادہ کرلیا تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیبی نصرت بھی حاصل ہوگی اور قیامت کے دن شفاعت نبوی سے بھی سرفراز ہوں گے ،’’ صلی اللہ علی النبی الکریم ‘‘ اگر ہم دنیا وآخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوناچاہتے ہیں تو صرف اور صر ف ایک ہی راستہ ہے، ایک اللہ سے تعلق کو مستحکم رکھنا اور حضور ﷺ کے بتائے ہوئےطریقوں پر زندگی کو استوار کریں اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دیں ۔

 

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network