بہار

شراؤنی میلہ کو نتیش سرکار نے دیا سرکاری مہوتسو کا درجہ، 10 لاکھ روپے کی رقم منظور

Published

on

(پی این این)
دربھنگہ:بہار کے دربھنگہ ضلع کے جالے بلاک کے عوام کے لیے ریاستی حکومت نے خوشخبری دیتے ہوئے ایک اور سرکاری مہوتسو کا تحفہ دیا ہے۔ رتن پور واقع تاریخی اور مذہبی مقام گنگیشور استھان میں منعقد ہونے والے شراؤنی میلہ کو اب دو روزہ سرکاری مہوتسو کے طور پر منظوری مل گئی ہے۔
ریاستی ریونیو و زمین اصلاحات محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس مہوتسو کے انعقاد کے لیے دس لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ شہری ترقی و رہائش کے وزیر و علاقائی رکن اسمبلی جیویش کمار کی سفارش اور ریونیو و زمین اصلاحات کے وزیر سنجے شراوگی کے حکم پر کیا گیا ہے۔وزیر جیویش کمار نے اس منظوری کے لیے وزیر سنجے شراوگی، ضلع مجسٹریٹ راکیش اور سرکل آفیسر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سی او کے مطابق دو روزہ سرکاری مہوتسو کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تین اگست کو گنگیشور استھان واقع بابا گنگیشورناتھ دھارمک ٹرسٹ کمیٹی کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ بلائی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں ٹرسٹ کے اراکین کے ساتھ پروگرام کی تفصیلات پر غور و خوض ہوگا اور اتفاقِ رائے سے مہوتسو کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔
سرکاری مہوتسو کا درجہ ملنے کی خبر سنتے ہی علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ گنگیشور استھان ٹرسٹ کمیٹی کے کارگزار صدر شیو نارائن ٹھاکر، ڈاکٹر رام پرویش ٹھاکر، سنجیو کمار چودھری، پریانشو کمار، مہیشور ٹھاکر، سنجے کمار ٹھاکر، ستیش کمار ٹھاکر سمیت کئی مقامی افراد نے حکومت، دونوں وزراء، ڈی ایم اور سی او کے تئیں اظہارِ تشکر کیا ہے۔علاقے کے عوام کا ماننا ہے کہ سرکاری مہوتسو کا درجہ ملنے سے گنگیشور استھان کی مذہبی و ثقافتی شناخت کو نئی توانائی ملے گی اور مقامی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network