دلی این سی آر
دہلی ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیےجاری کی ٹریول ایڈوائزری
(پی این این)
نئی دہلی :دہلی ہوائی اڈے نے پیر کو ’خراب موسمی حالات‘‘کے پیش نظر مسافروں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (DIAL) کی طرف سے جاری کردہ اس ایڈوائزری میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے تک پہنچنے میں ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے میٹرو سمیت سفر کے دیگر متبادل طریقوں کے استعمال پر غور کریں۔
دارالحکومت دہلی میں صبح دوبارہ بارش ہوئی اور محکمہ موسمیات نے دہلی اور این سی آر میں درمیانے سے بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔DIAL نے ٹریول ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ہندوستانی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق دہلی میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ ہماری آن گراؤنڈ ٹیمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ کا سفر پریشانی سے پاک ہو۔ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہوائی اڈے تک پہنچنے اور ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے دہلی میٹرو سمیت ٹرانسپورٹ کے متبادل طریقوں پر غور کریں۔ اس کے ساتھ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پرواز سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
واضح ہوکہ کہ اتوار کو دہلی کے کئی حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا تھا اور ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ تیز بارش کے بعد گاڑیوں کی سست رفتاری سے راجیو چوک پر ٹریفک جام ہوگیا۔دہلی میں بدھ سے مسلسل بارش کی وجہ سے اتم نگر کے بند پور سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے دارالحکومت کے کئی علاقوں میں ٹریفک بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔