دلی این سی آر

بریگیڈیئر محمد عثمان: نوشہرہ کا شیر اور قربانی کی عظیم داستان

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی:۳ جولائی کا دن بھارت کے اُن سپوتوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بریگیڈیئر محمد عثمان اُنہی جانبازوں میں شامل تھے جنہوں نے 1947–48 کی کشمیر جنگ کے دوران اپنی بے مثال قیادت، دلیری اور وطن سے والہانہ محبت کا مظاہرہ کیا۔ انہی کارناموں کے باعث انہیں ’’نوشہرہ کا شیر‘‘ کا لقب دیا گیا۔ ان کی شہادت کے بعد انہیں بھارت کے دوسرے بڑے فوجی اعزاز ’’مہاویر چکر‘‘ سے نوازا گیا۔
بریگیڈیئر محمد عثمان ۱۵ جولائی ۱۹۱۲ کو اعظم گڑھ، اتر پردیش میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد قاضی محمد فاروق پولیس افسر تھے اور بعد ازاں بنارس (وارانسی) کے کوتوال مقرر ہوئے۔ ان کے خاندان میں تین بھائی اور تین بہنیں تھیں۔ بریگیڈیئر عثمان ان چند گنے چنے بھارتی افسران میں شامل تھے جو رائل ملٹری اکیڈمی، سینڈہرسٹ (برطانیہ) سے کمیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اپنے شاندار فوجی کیریئر میں انہوں نے ہمیشہ بہادری، انکساری اور قوم سے وفاداری کی مثال قائم کی۔ قیامِ پاکستان کے موقع پر جب انہیں پاکستان کی فوج کا سربراہ بنانے کی پیشکش کی گئی تو انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے بھارت سے اپنی وفاداری ثابت کی۔
1948 کی جنگ میں بریگیڈیئر عثمان نے 50 (انڈیپنڈنٹ) پیرا بریگیڈ کی کمان سنبھالی۔ انہوں نے نوشہرہ کے اسٹریٹیجک علاقے کا کامیابی سے دفاع کیا اور جانگڑ کو دوبارہ دشمن کے قبضے سے آزاد کروایا۔ دشمن کی شدید یلغار کے باوجود وہ میدان جنگ چھوڑنے پر تیار نہ ہوئے اور ۳ جولائی ۱۹۴۸ کو، اپنی ۳۶ویں سالگرہ سے چند دن قبل، مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
بریگیڈیئر عثمان صرف محاذ جنگ کے ہیرو نہ تھے بلکہ ایک سادہ مزاج، نیک سیرت اور خدمت خلق سے محبت رکھنے والے انسان تھے۔ انہوں نے اپنی آمدنی کا بڑا حصہ غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کیا۔ ان کی قیادت میں سپاہیوں کو نہ صرف تحفظ بلکہ اعتماد بھی میسر آیا۔
ان کی بہن آمنہ شاہ کی صاحبزادی، سعیدہ فیاض الدین (مرحومہ)، جو کرنل میر فیاض الدین (ریٹائرڈ) کی اہلیہ تھیں، اُن افراد میں شامل تھیں جنہیں ان کی شہادت کی ۵۸ویں برسی کے موقع پر دہلی میں ریاستی تقریب میں اعزاز دیا گیا۔ ان کے ہمراہ شاہ عنایت اللہ اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ۲۰۱۲ میں، ان کی پیدائش کی صد سالہ تقریب میں نائب صدرِ جمہوریہ جناب حامد انصاری نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
۳ جولائی ۲۰۲۵ کو جامعہ میں منعقدہ ان کی برسی کی تقریب، جو 50 پیرا بریگیڈ کی قیادت میں منعقد ہوئی، میں اُن کی پڑپوتی ثنا فیروز الدین نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر معززین اور فوجی افسران بھی موجود تھے۔
بریگیڈیئر عثمان کی وارثت آج ثنا فیروز الدین کے جذبے میں زندہ ہے، جنہوں نے حال ہی میں بحریہ میں شمولیت کے لیے اپنا پہلا ایس ایس بی انٹرویو دیا۔ ان کے والد، میر فیروز الدین (بریگیڈیئر عثمان کے پوتے) نے بیرونِ ملک دو دہائیوں پر مشتمل مستحکم زندگی کو خیرباد کہہ کر اپنے وطن واپسی کا فیصلہ کیا تاکہ ثنا اپنے خواب کی تعبیر کر سکیں—مسلح افواج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت۔
بریگیڈیئر محمد عثمان آج بھی نہ صرف فوج بلکہ ہر بھارتی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی کہانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اصل وراثت تمغوں سے نہیں بلکہ اُن جذبوں سے بنتی ہے جو نسلوں تک حوصلہ، قربانی اور خدمت کا سبق دیتی ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network