Bihar

یومِ اساتذہ پرکی جائے گی ممتاز اساتذہ کی حوصلہ افزائی

Published

on

(پی این این)
گیا : ڈسٹرکٹ ٹیچر ویلفیئر ٹرسٹ (ڈی ٹی ڈبلیو ٹی)، گیا کی ایک اہم نشست اتوار کے روز ٹرسٹ کے سکریٹری اروند کمار کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت ٹرسٹ کے صدر اور سبکدوش ہیڈماسٹر منوج کمار سنہا نے کی۔ نشست میں رکنیت کی سالانہ تجدید، یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقد ہونے والی اعزازی تقریب اور ٹرسٹ کی آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یومِ اساتذہ کے موقع پر 6 ستمبر کو ایک شاندار اعزازی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے سبکدوش ارکان کی الوداعی و اعزازی تقریب بھی ہوگی، جبکہ تعلیم کے میدان میں نمایاں اور اختراعی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ساوتری بائی پھولے ایوارڈ اور ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔
نشست میں دونوں ایوارڈز کے لیے اہلیت کے اصول بھی طے کیے گئے۔ اس کے مطابق ٹرسٹ کا کوئی مرد رکن اگر 15 اساتذہ کو ٹرسٹ کی رکنیت دلائے گا تو وہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن ایوارڈ کا مستحق ہوگا، جبکہ خاتون رکن کی جانب سے یہی ہدف مکمل کیے جانے پر اسے ساوتری بائی پھولے ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تعلیم کے شعبے میں نمایاں اور جدت پر مبنی کام کرنے والے اساتذہ بھی ان ایوارڈز کے لیے اہل ہوں گے، تاہم انہیں اپنی تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق پانچ ویڈیوز بطور ثبوت پیش کرنا ہوں گی۔تمام اراکین نے اجلاس کے ایجنڈے پر اپنی متفقہ رائے کا اظہار کیا۔
اجلاس میں بانی رکن و چیف ٹرسٹی، مڈل اسکول ڈیہوری کے ہیڈماسٹر ویرندر کمار، سکریٹری و مڈل اسکول توری بزرگ کے ہیڈماسٹر اروند کمار، نائب سکریٹری و پرائمری اسکول پہاڑپور کی ہیڈ ٹیچر نیہا کماری، ضلع رابطہ کار و مڈل اسکول دربے کے ہیڈماسٹر محمد حیدر علی خان، ضلع معاون رابطہ کار و مڈل اسکول کورما کے ہیڈماسٹر اشوک کمار، خزانچی سبکدوش ہیڈماسٹر کنہیا پرساد، محافظِ خزانہ و مڈل اسکول ڈھکائن کے ہیڈماسٹر اروند پرساد، میڈیا انچارج اردو پرائمری اسکول چاترگھاٹ کے ہیڈ ٹیچر ابو فیصل، تکنیکی مشیر اردو پرائمری اسکول نادرہ گنج کے ہیڈ ٹیچر سورج پرکاش سمیت دیگر عہدیداران اور اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network