Bihar
ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح,بہتر تعلیمی نظام کے لیے اساتذہ، والدین، طلبہ اور محکمۂ تعلیم کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر: ڈی ای او صاحب عالم
(پی این این)
ارریہ:ضلع ارریہ کے ضلع تعلیم افسر (ڈی ای او) صاحب عالم نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد واضح کیا ہے کہ ضلع کے ہر بچے کو لازمی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حقِ تعلیم قانون کے تحت یہ یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے اور داخلے کے بعد کسی بھی صورت میں تعلیم ادھوری چھوڑنے (ڈراؤپ آؤٹ) کی نوبت نہ آئے۔
تعلیمی دفتر ارریہ میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صاحب عالم نے کہا کہ بہار میں تعلیم کے شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور شرحِ خواندگی میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاستی حکومت اور محکمۂ تعلیم معیاری تعلیمی نظام کے قیام کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بہتر تعلیمی ماحول قائم کرنے کے لیے اساتذہ، والدین، طلبہ، محکمۂ تعلیم کے افسران اور اسکول ایجوکیشن کمیٹیوں کے درمیان مؤثر تال میل اور باہمی تعاون بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی مشکلات کے حل اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
ڈی ای او نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت پر اسکول پہنچیں، طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکول میں ہونے والی تمام تعلیمی و نصابی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں انجام دیں اور اسکول و اس کے احاطے کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ غیر ضروری طور پر اسکول کے اوقات میں محکمۂ تعلیم کے دفتر نہ آئیں، بلکہ ناگزیر ضرورت کی صورت میں اسکول کے اوقات کے بعد ہی دفتر کا رخ کریں تاکہ طلبہ کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔
صاحب عالم نے تمام شکچھا سیوکوں کو ہدایت دی کہ کمزور طلبہ کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی خواتین کے خواندگی مراکز میں صرف حروف و اعداد کی تعلیم ہی نہیں بلکہ مختلف سرکاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائیں۔ انہوں نے آخر میں ضلع کے تمام اساتذہ، تعلیمی عملے، والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں بہتر اور معیاری تعلیمی نظام کے قیام کیلئے مثبت تعاون کریں تاکہ ہر بچے کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔