Bihar
گیا جی میں بینک فراڈ کابڑا معاملہ،ای ڈی جانچ میں مصروف
(پی این این)
گیاجی: 85 کروڑ روپے کا بینک لون، تقریباً 58 کروڑ روپے کی مبینہ ڈائیورژن اور پہلے سے رہن رکھی پانچ جائیدادوں کی فروخت، گیا میں جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، پٹنہ کی کارروائی کے بعد بینک فراڈ کا یہ معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آ گیا۔ ای ڈی کی پٹنہ ٹیم نے پی ایم ایل اے کی دفعہ 17 کے تحت رام نندی ہوٹلس اینڈ ریزورٹس لمیٹڈ (آر ایچ آر ایل) سے وابستہ کئی ٹھکانوں پر بیک وقت سرچ آپریشن شروع کیا۔ دیر شام تک تلاشی کی کارروائی جاری رہی۔
ای ڈی کی تحقیقات کے مطابق کمپنی نے بینکوں کے کنسورشیم سے تقریباً 85 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا تھا۔ الزام ہے کہ اس رقم میں سے تقریباً 58 کروڑ روپے مبینہ طور پر دوسری جگہ منتقل کیے گئے۔ تفتیشی ایجنسی کو شبہ ہے کہ بینک قرض حاصل کرنے کے لیے فرضی یا جعلی پروجیکٹ کمپلیشن رپورٹ کا استعمال کیا گیا۔ اب ای ڈی یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ بینک سے حاصل کروڑوں روپے آخر کن کھاتوں میں گئے اور کن کاروباری سرگرمیوں میں استعمال ہوئے۔
اس معاملے میں پانچ جائیدادیں بھی ای ڈی کی جانچ کے مرکز میں ہیں۔ ای ڈی کے مطابق ان جائیدادوں کو ٹاٹا موٹرس سے متعلق بقایا جات کے عوض رہن یا مارگیج کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ بعد میں ان جائیدادوں کو مبینہ طور پر کم قیمت پر فروخت کر دیا گیا۔ اب ای ڈی یہ جانچ کر رہی ہے کہ پہلے سے ذمہ داری والی ان جائیدادوں کی فروخت کس طرح، کن حالات میں اور کن لوگوں کے درمیان ہوئی۔
ای ڈی کو بعض خریداروں کے مبینہ طور پر بے نامی یا پراکسی ہونے کا بھی شبہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحقیقات اب صرف کمپنی اور اس کے ذمہ داران تک محدود نہیں ہے، بلکہ جائیدادوں کی خرید و فروخت سے وابستہ افراد، رقم کی منتقلی اور پورے لین دین کی کڑی کو بھی کھنگالا جا رہا ہے۔
ای ڈی کی تحقیقات میں کمپنی کا کنٹرول اکھوری گوپال اور ان کے بیٹوں نشانت اور نتیش کے پاس ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ بینک قرض کے عوض اکھوری گوپال اور ان کے خاندان کے افراد کی جانب سے ذاتی گارنٹی بھی دی گئی تھی۔ ایسے میں تفتیشی ایجنسی قرض سے متعلق دستاویزات، گارنٹی اور کمپنی کے مالی معاملات میں ان کے کردار کی بھی جانچ کر رہی ہے۔
ای ڈی کی ٹیم متعلقہ احاطوں میں دستاویزات، بینک ریکارڈ اور جائیدادوں سے متعلق کاغذات کی باریک بینی سے جانچ کر رہی ہے۔ تلاشی کے دوران برآمد ہونے والے دستاویز ات سے مبینہ 58 کروڑ روپے کی ڈائیورژن اور جائیدادوں کی فروخت سے متعلق کئی اہم راز کھل سکتے ہیں۔ فی الحال سرچ آپریشن جاری ہے اور تلاشی مکمل ہونے کے بعد ای ڈی کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی امید ہے۔