uttar pradesh
کھاد، بیج کی کالابازاری اور بجلی بحران کے خلاف کانگریس کا کلکٹریٹ پر دھرنا
علی گڑھ:دھان کی روپائی اور خریف فصلوں کی بوائی کے موسم میں کسانوں کو مناسب مقدار میں کیمیائی کھاد، بیج اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے مطالبے کو لے کر آج سابق رکن اسمبلی وویک بنسل کی قیادت میں ضلع اور شہر کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام کلکٹریٹ احاطے کے سامنے ایک بڑا دھرنا و احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
دھرنے میں موجود کانگریس کارکنان اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی وویک بنسل نے کہا کہ دھان کی روپائی اور خریف فصلوں کی بوائی کا وقت شروع ہونے والا ہے، لیکن کیمیائی کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے باعث کسانوں کو کھلے بازار میں مہنگے داموں کھاد خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مراکز پر بھی کسانوں کو ضرورت کے مطابق کھاد دستیاب نہیں ہو رہی ہے۔ جس کسان کو چار بوری کھاد کی ضرورت ہوتی ہے، اسے پورا دن قطار میں کھڑے رہنے کے بعد صرف ایک بوری کھاد ہی مل پاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں بجلی کی ناکافی فراہمی کے سبب کسانوں کو آبپاشی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے بجلی کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات کے باوجود ریاست میں بجلی کا بحران برقرار ہے، جس سے کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
وویک بنسل نے کہا کہ سال 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں کی آمدنی دس برسوں میں دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن بارہ برس کے اقتدار کے بعد بھی کسانوں کی حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ چھوٹے کسان آج روزگار کی تلاش میں اپنے گاؤں چھوڑ کر شہروں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں حکومت ’’سمردھ کسان، خوشحال دیش‘‘ کا نعرہ کس بنیاد پر دے رہی ہے۔
دھرنے سے شہر کانگریس صدر نوید خان، سبودھ نندن شرما، سابق صدر حاجی نوشاد قریشی، ڈی آر یادو، ونیش کمار سنگھ، ڈاکٹر محمد سہیل اختر، یوتھ کانگریس ضلع صدر سنجے یادو اور رئیس غازی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تمام مقررین نے موجودہ حالات میں کسانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی پروگرام کے اختتام پر کیمیائی کھاد اور بیج کی مناسب دستیابی اور بلا تعطل بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کے مطالبے پر مشتمل گورنر اتر پردیش کے نام ایک میمورنڈم اے سی ایم دوم دگ وجے سنگھ کو پیش کیا گیا۔دھرنے کی صدارت ضلع کانگریس صدر ٹھاکر سومویر سنگھ نے کی جبکہ نظامت ندیم غفور نے انجام دی۔
اس موقع پر سابق صدر صلاح الدین واسی، محمد اسلم قریشی، شاہ رخ خان، ارشاد فریدی،عامل حسین، شاہد خان، صابر محمد، ندیم احمد زیدی، اکھلیش کمار پرجاپتی، ڈاکٹر راکیش سارسوت، سعید الدین چودھری، مجیدن نیتانی، رضوانہ بیگم، سید راشد علی، قطب الدین، نصرالدین احمد، فقیرا، باب الدین عباسی، شہباز ضیاء الدین، محمد آصف، نبی احمد، عارف صدیقی، وکاس چیتن، سریندر بگھیل، عقیل احمد قصار، سنی پرجاپتی، انوراگ پرتاپ سنگھ، رشبھ گاندھی، ارپت یادو، الیاس سیفی، کنور شعیب، پرشانت سنگھ، وشال، پرمود سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان اور کسان موجود رہے۔