uttar pradesh

ڈا کٹر یونس غازی ؔکے قطعات مرقع نگاری کا اعلیٰ نمو نہ :پروفیسر فاروق بخشی

Published

on

میرٹھ:میرٹھ کالج میں کئی ایسی ادبی شخصیات بھی آئیں جنہوں نے یہاں کی مٹی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا۔ ایسے ہی اساتذہ میں ڈاکٹر یونس غازیؔ کابھی نام شامل ہے جنہوں نے یہاں رہ کر بہت سی کتابیں تصنیف کیں۔
 آج یہاں ان کی دو کتابوں ”شعرائے دبستان میرٹھ“ ]قطعات کا مجمو عہ [اور حمدیہ مجموعہ”للہ الحمد“ کا اجراء عمل میں آ یا۔یہ دونوں کتابیں بہت عمدہ ہیں۔ آپ کا اسلوب، طرز ادا لاجواب ہے۔ ان قطعات میں جدت ہے جو مرقع نگاری کا اعلیٰ نمو نہ ہیں۔ یہ ایک ایسی تالیف ہے جو ایک مستند حیثیت رکھتی ہے۔یہ الفاظ تھے معروف شاعر اور سابق صدر شعبہئ اردو فاروق بخشی کے جو یہاں شعبہئ اردو کے زیر اہتما م منعقدڈاکٹر محمد یونس غازی ؔ کی شعری کاوشوں ”للہ الحمد“اور”شعرائے دبستان میرٹھ“ کی شاندار رسم اجراء کے پروگرام کے دوران مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اپنی تقریر کے دوران ادا کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈا کٹر یونس غازی کا مطا لعہ تو ہے ہی لیکن ان کا مشاہدہ بھی کمال کاہے اور یہ ساری باتیں انہیں ایک قادر الکلام شاعر ثابت کر نے کے لیے کا فی ہیں۔
اس سے قبل پروگرام کا آغازمحمد ندیم نے تلا وت کلام پاک سے کیا۔ بعد ازاں فرحت اختر نے اپنی خوبصورت آواز میں ڈاکٹر یونس غازیؔ کی نعت پاک پیش کر کے سماں باندھ دیا۔مہمانوں کا پھولوں کے ذریعے استقبال کیا گیا۔ صدارت کے فرا ئض معروف ادیب و ناقد پروفیسر اسلم جمشید پوری نے انجام دیے اور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے معروف شاعر اور سابق صدر شعبہئ اردو مولانا آزاد نیشنل اردو یو نیورسٹی، حیدر آباد نے شر کت کی۔ مہانانِ اعزازی کے بطور معروف استاد شاعر انوار الحق شاداں پھلاؤدی،ڈاکٹر یشیکا ساگر]صدر شعبہئ اردو،میرٹھ کالج[ معروف سماجی کار کن عادل چودھری اورآفاق احمد خاں شریک ہوئے۔ استقبالیہ کلمات ڈاکٹر آصف علی اور نظا مت کے فرائض ڈا کٹرارشاد سیانوی انجام دیے جب کہ شکریے کی رسم ڈاکٹر الکا وششٹھ نے ادا کی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ارشاد بے تاب نے کہا کہ یہ اردو ہی ہے جس کی محبت اور لگن کی وجہ سے آج اردو کی اتنی بڑی ہستیوں کے ساتھ جنبش لب کر رہا ہوں۔ میں کافی عرصے سے غازی سر کے رابطے میں ہوں۔
۔میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھے اپنی کتاب میں شامل کیا اور کتاب کا انتساب بھی کیا۔ میں یونس غازیؔ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ذیشان قریشی نے کہا کہ آج یونس غازی صاحب کی دو کتابوں کا اجراء عمل میں آیا۔ میں بس اتنا ہی کہنا چاہوں گا کہ جس دن سے پروفیسر اسلم جمشید پوری میرٹھ میں آئے ہیں اردو کے حوالے سے بہت سے کام ہوئے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہوتے رہیں گے۔ یو نس غازی صاحب کو بے حد مباک باد۔ آپ کے شاگردوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جو آپ کے نام اور کام کو آ گے بڑھا ئیں گے۔
ڈاکٹر شاداب علیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونس غازیؔ بااخلاق انسان،مشفق استاد اور ایک اچھے ادیب ہیں۔انہوں نے نہ صرف نثر اور نظم دونوں پر طبع آزمائی کی ہے اور دو نوں میدا نوں میں بے مثل کارنامے انجام دیے ہیں کچھ موضو عات قدیم ضرور لگتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے نادر تخیلات کے ذریعے انہیں اچھوتا بنا دیا ہے اور یہ ان کا ایک بڑا کار نامہ ہے۔
معروف صحافی شا ہد چودھری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یونس غازی میں بھی فرہاد کی مانند پہاڑوں کو کاٹ کر جوئے شیر نکالنے کا حوصلہ ہے۔ اجراء شدہ کتابیں ان کی اسی ہمت کو شش اور کاوش کا نتیجہ ہے۔انہوں نے ناممکن کو ممکن میں بدل دیا ہے۔ دبستان میرٹھ کے جو شعرا وقت کی گرد آلود پرتوں میں فرا موش ہوگئے تھے انہیں ان کی سنہ پیدائش و وفات، ان کے طرزِ سخن ان کی ادبی خدمات کے ساتھ منظر عام پر لانا اور وہ بھی قطعات کی صورت میں یقینا قابل ستائش اور قا بل رشک کام ہے۔شعرائے دبستان میرٹھ ایک کامیاب کوشش اور نایاب تحفہ ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے کتنا بیش قیمتی سرما یہ ہمارے لیے چھوڑا ہے۔
آفاق احمد خاں نے کہا کہ آج کا یہ جلسہ ایک یاد گار ی جلسہ ہے۔آج جو نسل یہاں بیٹھی ہے وہ آگے چل کر فخر کریں گی کہ ہم نے پروفیسر فاروق بخشی کو دیکھا تھا، پروفیسر یونس غازیؔ کی شاعری کو سنا تھااورپروفیسر اسلم جمشید پوری سے ملے تھے۔ یونس غازی کی غزلیں اسکول میں بچے پڑھتے ہیں۔میرٹھ کو دبستان کا درجہ دلانے کی مہم میں ہمیں پروفیسر اسلم جمشید پوری کا ہر سطح پر سا تھ دینا چاہئے اور اس خواب کو تعبیر سے ہمکنار ہونا چاہئے۔
ڈاکٹر یشیکا ساگر نے کہا کہ میں آپ کی بیٹی کی مانند ہوں۔سر نے بہت ہی عمدہ طریقے پر میری تربیت کی۔ آپ نے ہمیشہ ہی بغیر کسی لالچ کے اردو ادب کی خدمات انجام دیں۔ آپ نہ صرف ایک اچھے استاد، شاعر، محقق اور ناقد ہیں بلکہ ایک با اخلاق با مروت اور انسان دوست شخصیت کے مالک ہیں۔ میں آپ کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں اور آپ کی عمر درازی اور صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔آپ آئندہ بھی اردو ادب کی ایسے ہی خدمات انجام دیتے رہیں۔
استاد شاعر انوار الحق شاداں نے کہا کہ آپ صرف شاعر ہی نہیں مفکر بھی ہیں،ناقد اور محقق بھی۔ آپ نے ادب کی زبردست خدمات انجام دیں۔جس عمر میں لوگ تھک جاتے ہیں آپ اس عمر میں بھی کسی نوجوان کی مانند ادبی کاموں میں مصروف ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ آپ آسمان ادب پر یوں ہی چمکتے رہیں۔
عادل چودھری نے کہا کہ میں پروفیسر اسلم جمشید پوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں اردو کے فروغ کے لیے کار ہائے نمایاں انجام دیے اور ہم جیسوں کو بھی ترغیب دی۔آج ہم بھی آپ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہر ماہ اپنے یہاں پروگرام منعقد کررہے ہیں اور آئندہ بھی انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔میں یہاں موجود سبھی مہمانان پروفیسر فاروق بخشی،ڈاکٹر یونس غازی سبھی کا بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر اسلم جمشید پوری نے کہا کہ آج بڑاتاریخی لمحہ ہے جو خواب ہم نے اس شہر کے لیے دیکھا تھا اس کی تعبیر اب نکل کے آ رہی ہے،میرٹھ جو ایک قدیم شہر ہے۔ہم نے میرٹھ کو دبستان کی حیثیت سے تعارف کرا نے کا عزم کیا ہے۔ یہاں افسانہ نگار، ناول نگار، کالم نگار، طنزو مزاح،محقق سبھی طرح کے ادیب گذرے ہیں لیکن کوئی ناقد نہیں۔ اس لیے میرٹھ کو وہ حق نہیں مل سکا جس کا میرٹھ حق دار تھا۔ہم مسلسل کوشش کررہے ہیں ہم نے میرٹھ کے شعرا و ادبا پر ایم فل کرائی، اور اب رسائل نکالنے ہیں۔ دبستان میرٹھ ]شاعری[ نکل چکا ہے، دو چار ماہ میں نثر نمبر نکلے گا اور اس کے بعد”مشاہیر میرٹھ“ ہم کوشش کرتے رہیں گے۔پروفیسر یونس غازی نے تاریخی کام کیا ہے۔ انہوں نے ایسے شعرا کا ذکر کیا جو گمنامی کا حصہ بن چکے تھے۔ اسی طرح انہوں نے حمدیہ مجمو عہ لکھ کر بڑا کار نامہ انجام دیا ہے۔ اردو ادب میں حمدیہ مجمو عے کم ہیں۔میرا مقصد بس اتنا ہے کہ میرٹھ اردو کے حوالے سے ہمیشہ زندہ رہے اور آسمان ادب پر میرٹھ کا نام خوب منور ہو۔ ابھی ہمارے خواب کی تعبیر باقی ہے۔ آپ سب کا تعاون چاہئے۔ انشاء اللہ ہما را مقصد پورا ہوگا۔
پروگرام میں ڈاکٹر مفتی محمد رضوان، مولانا سید نایاب الدین نایاب،پروفیسر ہما مسعود، ڈاکٹر فرحت خاتون،ڈاکٹر نوید خان، ڈاکٹر شبستاں آس محمد،نذیر میرٹھی،سیدہ مریم الٰہی، صائمہ،سر تاج جہاں،محمد عیسیٰ رانا،محمد فیضان، محمد ہارون،محمد فرمان محمد نعیم، محمد جلیس،فیاض حسن، محمد فیض سمیت کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات اور عمائدین شہر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network