uttar pradesh
پیپر لیک صرف پرچہ نہیں، امانت میں خیانت اور قوم کے مستقبل سے دھوکہ: محمد اقبال
(پی این این)
آگرہ: مسجد نہر والی، سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے خطبہ جمعہ میں ملک میں جاری پیپر لیک کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی پرچے کا لیک ہونا محض ایک کاغذ کا غیر قانونی طور پر باہر آ جانا نہیں، بلکہ یہ امانت میں خیانت، محنتی طلبہ کے حق پر ڈاکہ اور قوم کے مستقبل کے ساتھ دھوکہ ہے۔انہوں نے قرآن کریم کی آیت (سورۃ النساء، آیت 58) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ امانتیں ان کے حق داروں تک پہنچانے کا حکم دیتا ہے۔ ہماری زندگی باہمی اعتماد پر قائم ہے اور قرآن کی نظر میں ہر وہ چیز امانت ہے جو کسی کے سپرد کی جائے۔
خطیب محمد اقبال نے کہا کہ امتحان کے لیے محفوظ کیا جانے والا پرچہ بھی ایک امانت ہے، لیکن جب اسے امتحان سے قبل غیر قانونی طریقے سے مارکیٹ میں پہنچا دیا جاتا ہے تو صرف پرچہ ہی لیک نہیں ہوتا بلکہ اعتماد اور امانت بھی لیک ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی امتحان صرف طلبہ کا امتحان نہیں ہوتا بلکہ یہ پورے معاشرے، تعلیمی نظام، اداروں اور حکومت کی ذمہ داری کا بھی امتحان ہے۔ پیپر لیک کا سب سے زیادہ نقصان ان طلبہ کو ہوتا ہے جو ایمانداری اور محنت کے ساتھ تیاری کرتے ہیں، جبکہ نااہل افراد غیر قانونی ذرائع سے آگے نکل جاتے ہیں۔ یہ صورتحال قوم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی طریقوں سے حاصل کی گئی ڈگری اور اس بنیاد پر حاصل ہونے والی ملازمت اور آمدنی کے شرعی پہلو کو بھی سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ والدین اور اساتذہ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو صرف اچھے نمبر حاصل کرنے کی تعلیم نہ دی جائے بلکہ کردار، دیانت، محنت اور امانت داری کی تربیت بھی دی جائے۔خطیب محمد اقبال نے طلبہ سے اپیل کی کہ کامیابی کے لیے شارٹ کٹ کے بجائے محنت اور صبر کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں محنت، دیانت اور صبر کا درس دیتا ہے، کامیابی کا حقیقی راستہ غیر قانونی شارٹ کٹ نہیں ہے۔
انہوں نے حکومت اور تعلیمی اداروں سے پیپر لیک کی روک تھام کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کرنے، قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور امتحانی نظام کو مزید شفاف بنانے کا مطالبہ کیا۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حکمرانوں کو صحیح فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ملک کے تعلیمی نظام کو بدعنوانی سے پاک کرے اور نوجوان نسل کو محنت، دیانت اور کردار کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔