uttar pradesh
پریاگ راج میں شدید آندھی اور طوفان سے گر گئےکئی درخت، آمدورفت متاثر
(پی این این)
پریاگ راج: اتر پردیش میں پریاگ راج کے میجا تحصیل علاقے میں منگل کی رات آنے والے تیز آندھی اور طوفان نے عام زندگی کو درہم برہم کر دیا۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گر گئے، جس سے اہم راستوں پر آمدورفت (ٹریفک) معطل ہو گئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وکاس کھنڈ اروا کے سوراؤں گاؤں کے پاس میجا روڈ-بایاں سرسا مارگ پر انڈر پاس پلیا کے قریب ایک بڑا نیم کا درخت سڑک پر گر گیا۔ اس سے یہ راستہ پوری طرح بند ہو گیا۔ راہگیروں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو لمبا چکر لگا کر اپنی منزل تک پہنچنا پڑا، جبکہ کئی گاڑیاں دیر تک جام میں پھنسی رہیں۔ اسی طرح پوسیا چوہان کے پاس بھی درخت گرنے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔میجا روڈ ریلوے اسٹیشن محلے کے رہائشی بھولا گپتا کا ٹھیلہ تیز آندھی میں پلٹ گیا، جس سے انہیں معاشی نقصان پہنچا۔ تیز ہواؤں اور دھول بھری آندھی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں ہی قید رہے۔
آندھی اور طوفان کے باعث علاقے میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی۔ کئی مقامات پر درخت گرنے سے صورتحال مزید سنگین بنی ہوئی ہے۔آندھی کے بعد ہونے والی ہلکی بارش سے حبس والی گرمی سے کچھ راحت ملی۔ موسم میں ٹھنڈک آنے سے لوگوں نے تھوڑا سکون محسوس کیا، لیکن طوفان سے ہونے والے نقصان نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔